ظالم حکومت کو کوئی پرواہ نہیں: ابھیجیت دِپکے
ماحولیات کارکن سونم وانگ چک کو چہارشنبہ کے دن 24 گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا گیا کیونکہ آج ان کی بھوک ہڑتال کا 18 واں دن مکمل ہوگیا۔ کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دِپکے نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ظالم ہے جو احتجاجیوں سے بات چیت کرنے سے انکار کررہی ہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) ماحولیات کارکن سونم وانگ چک کو چہارشنبہ کے دن 24 گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا گیا کیونکہ آج ان کی بھوک ہڑتال کا 18 واں دن مکمل ہوگیا۔ کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دِپکے نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ظالم ہے جو احتجاجیوں سے بات چیت کرنے سے انکار کررہی ہے۔
نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں کے خلاف سی جے پی کا جنترمنتر پر احتجاج آج 26 ویں دن میں داخل ہوگیا۔ سی جے پی کے جاری کردہ میڈیکل بلیٹن کے بموجب سونم وانگ چک کافی کمزور ہوگئے ہیں۔ انہیں 24 گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ان کا وزن گھٹ کر 57.15 کیلوگرام ہوگیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 400 گرام کی کمی واقع ہوئی۔ بھوک ہڑتال شروع ہونے کے بعد سے ان کا جملہ وزن 8.9 کیلوگرام گھٹ گیا ہے۔
ان کا بلڈ پریشر 105/76‘ بلڈ شوگر 80 ایم جی/ ڈی ایل‘ آکسیجن سیچوریشن 97 فیصد ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ ہوش میں ہیں اور دماغی لحاظ سے چاق و چوبند ہیں لیکن ان پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ ابھیجیت نے کہاکہ جس شخص نے خودکشی کرنے والے طلبا کو انصاف دلانے کے لئے اپنی جان خطرہ میں ڈالی اسے حکومت کی طرف سے سوائے خاموشی کے کچھ بھی نہیں ملا۔ حکومت صرف جواب دہ نہیں بلکہ ظالم بھی ہے۔
ابھیجیت نے ایکس پر لکھا کہ وزیراعظم بات چیت سے کیوں انکار کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو ابھی تک کیوں جواب دہ نہیں ٹھہرایا گیا۔ یہ سوال کرنے کے بجائے کہ قائد اپوزیشن سی جے پی کی تائید کیوں نہیں کررہا ہے یا سونم سر کے ساتھ سی جے پی ٹیم کا ہر رکن کیوں بھوک ہڑتال نہیں کررہا ہے وہ سوالات کرنے چاہئیں جو اہمیت رکھتے ہیں۔
ان سوالوں کا جواب ملنا چاہئے کہ وزیراعظم کو بات چیت سے کیوں انکار ہے۔ وزیر تعلیم کو ابھی تک کیوں جواب دہ نہیں ٹھہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی جے پی نے سونم وانگ چک اور جنتر منتر پر احتجاج کررہے طلبا کے ساتھ اظہار ِ یگانگت کے طورپر 16 جولائی کو ایک روزہ اجتماعی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم نے لوگوں سے پھر اپیل کی کہ وہ 20 جولائی کو اس کے چلو سنسد مارچ میں ضرور حصہ لیں۔