ایشیاء

عمران خان کی گرفتاری روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع

عمران خان کے خلاف 100 سے زائد کیسز کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع دے دی۔

متعلقہ خبریں
توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل
گوہر علی خان، پاکستان تحریک انصاف کے صدرنشین منتخب
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم
خط اعتماد چرانے والوں پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے: عمران خان
عمران خان کی رہائی کا مطالبہ، پاکستانی سینیٹ میں قرارداد جمع

عمران خان کے خلاف 100 سے زائد کیسز کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔

وفاق کی جانب سے کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ کچھ مہلت دے دیں، کیسز کی تفصیلات فراہم کردیں گے۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی، علاوہ ازیں عدالت نے عمران خان کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع بھی کردی۔

واضح رہے کہ 12 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرلی تھی جبکہ کسی بھی مقدمے میں پیر (15 مئی) کی صبح تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت نے سابق وزیر اعظم کی لاہور میں درج دہشت گردی کے 3 مقدمات اور ظل شاہ قتل کیس میں بھی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی، جبکہ حکام کو 9 مئی کے بعد اسلام آباد میں درج کسی بھی نئے مقدمے میں پی ٹی آئی سربراہ کو 17 مئی تک گرفتار کرنے سے بھی روک دیا تھا۔