غزہ پر مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق جیسا ہے: امیر جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں مسلم حکمران کوئی فیصلہ نہ کر سکے، انہوں نے صرف اپنے مسلمان عوام کو تسلی دینے کے لیے مردہ قراردادیں منظور کیں

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں مسلم حکمران کوئی فیصلہ نہ کر سکے، انہوں نے صرف اپنے مسلمان عوام کو تسلی دینے کے لیے مردہ قراردادیں منظور کیں جس کا امریکہ اور اسرائیل پر کوئی اثر نہ ہوا اور اس حوالے سے مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق کا ہے۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور میں غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہمارا دشمن وہ ہے جس نے بیت المقدس پر قبضہ کیا، جس نے فلسطین میں ہمارے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کا قتل عام شروع کیا ہے، جنہوں نے خدا کے گھر مسجد اقصیٰ پر قبضہ کیا اور 1967 میں اس گھر کو جلانے کے لیے وہاں آگ لگائی تھی۔
ہمارا دشمن وہ ہے جو انسانیت کا دشمن ہے، عالم اسلام کا دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ابلیسی ریاست کا نام ہے جس کا وجود 1948 سے قبل نہیں تھا۔
تمام دنیا کی باطل، استعماری اور باطل قوتوں نے مل کر 1948 میں اسرائیل بنایا لیکن گزشتہ 76 سالوں میں ایک لمحے کے لیے بھی فلسطینی بھائیوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور وہ ٹینکوں، جہازوں اور توپوں کا مقابلہ کرنے کے لیے غلیلیں لے کر آئے۔