لاپتہ ملائیشین طیارے ایم ایچ 370 کی تلاش کے معاہدے میں 2027ء تک توسیع
وا بازی کی تاریخ کی سب سے طویل عرصے تک تلاش کے باوجود اب تک طیارے کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
کوالالمپور : ملائیشیا نے لاپتہ ہونے والی ملائیشیا ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش کا عمل مزید 1 سال کے لیے بڑھا دیا۔
239 افراد کو لے جانے والا بوئنگ 777 طیارہ 8 مارچ 2014ء کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے رڈار سے اچانک غائب ہو گیا تھا، اس واقعے کو ہوا بازی کی تاریخ کے سب سے بڑے اور طویل ترین معمّوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
طیارے میں سوار مسافروں میں تقریباً دو تہائی چینی شہری تھے، جبکہ دیگر میں ملائیشیا، انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے شہریوں کے علاوہ ہندوستان، امریکہ، نیدر لینڈز اور فرانس سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
ہوا بازی کی تاریخ کی سب سے طویل عرصے تک تلاش کے باوجود اب تک طیارے کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
ملائیشیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ انتھونی لوک نے بتایا ہے کہ تلاش کے معاہدے میں توسیع 30 جون 2027ء تک ہو گی اور اس دوران سمندری تحقیقاتی کمپنی اوشین انفینٹی کے ساتھ موجودہ معاہدے کی تمام شرائط برقرار رہیں گی۔
معاہدے کے تحت نو فائنڈ، نو فیس کی شرط بھی برقرار رہے گی، جس کے مطابق اگر طیارے کا ملبہ دریافت نہ ہوا تو کمپنی کو کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی، جبکہ کامیابی کی صورت میں اسے 7 کروڑ ڈالرز ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اوشین انفینٹی اس سے قبل 2018ء میں بھی طیارے کی تلاش کر چکی ہے، جبکہ آسٹریلیا کی سربراہی میں ہونے والا 3 سالہ سرچ آپریشن جنوری 2017ء میں بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا تھا