ایک ہی سرجری میں پانچ اعضا ٹرانسپلانٹ ، عثمانیہ اسپتال نے قائم کیا نیا قومی ریکارڈ
جسم میں بیک وقت معدہ، ڈیوڈینم ، لبلبہ، چھوٹی آنت اور بڑی آنت کے دائیں حصے کی پیوندکاری کی گئی
حیدرآباد : عثمانیہ جنرل اسپتال کے ڈاکٹروں نے ایک اہم طبی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک ہی مریض پر ایک ہی آپریشن کے دوران ہندوستان کا پہلا پانچ اعضا پر مشتمل ملٹی وِسیرل ٹرانسپلانٹ کامیابی سے انجام دیا۔
اس نایاب اور نہایت پیچیدہ سرجری میں 30 سالہ ایک انجینئر، جو سرسلہ کا رہائشی ہے، کے جسم میں بیک وقت معدہ، ڈیوڈینم ، لبلبہ، چھوٹی آنت اور بڑی آنت کے دائیں حصے کی پیوندکاری کی گئی۔ یہ آپریشن مسلسل 36 گھنٹے جاری رہا اور اسپتال کی مختلف شعبوں پر مشتمل طبی ٹیم نے اسے کامیابی سے مکمل کیا۔
ریاستی وزیر صحت دامودر راجا نرسمہا نے اس تاریخی کامیابی پر عثمانیہ اسپتال کی طبی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب سرجری نے تلنگانہ کے سرکاری نظامِ صحت کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیر نے اس پیچیدہ آپریشن کو کامیابی سے انجام دینے پر ڈاکٹروں، اینستھیزیا کے ماہرین، نرسنگ عملے، کریٹیکل کیئر اسپیشلسٹس اور دیگر معاون عملے کی لگن، مہارت اور ٹیم ورک کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ تلنگانہ کے سرکاری اسپتال جدید ترین اور عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوامی شعبے کے نظامِ صحت کو مزید مضبوط بنانے اور جدید طبی خدمات تک عوام کی رسائی کو وسعت دینے کے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا