خلیجی تجارت کے لیے نئی حکمتِ عملی متحدہ عرب امارات نئی بندرگاہ تعمیر کرے گا
ڈی پی ورلڈ ابتدائی طور پر اس منصوبے پر سینکڑوں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی، جس کا حجم مستقبل میں مزید بڑھ سکتا ہے۔
دبئی : متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کے متبادل کے طور پر فجیرہ میں نیا پورٹ اور ٹرمینل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خلیجِ فارس میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز پر ایرانی خطرات کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات نے اپنی تجارتی بقا کے لیے ایک بڑا دفاعی منصوبہ تیار کر لیا۔
دبئی کی عالمی شہرت یافتہ پورٹ آپریٹر کمپنی "ڈی پی ورلڈ”ایران کے کنٹرول سے بچنے اور متبادل تجارتی راستہ فراہم کرنے کے لیے امارات کے مشرقی ساحلی علاقے فجیرہ میں ایک نیا کثیر المقاصد پورٹ اور ٹرمینل بنانے کے لیے مذاکرات کر رہی ہے۔
کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ "نیا پورٹ جبل علی کا متبادل نہیں ہو گا، جبل علی کی اہمیت اور حجم کو کبھی کم نہیں کیا جائے گا، بلکہ فجیرہ کا منصوبہ ایک انتہائی اہم دفاعی اقدام ہے تاکہ ہنگامی حالات میں ملکی تجارت متاثر نہ ہو۔”
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں سال 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد سے دنیا کی کل سپلائی کا 20 فیصد پٹرولیم لے جانے والی یہ بحری گزرگاہ شدید متاثر ہوئی ہے۔
ڈی پی ورلڈ ابتدائی طور پر اس منصوبے پر سینکڑوں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی، جس کا حجم مستقبل میں مزید بڑھ سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات اب تک اپنے تاریخی اور سب سے بڑے تجارتی مرکز "جبل علی پورٹ” پر انحصار کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ جنگی صورتحال نے اماراتی حکام کو اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے۔
رواں سال کے آغاز میں جبل علی پورٹ پر ایرانی میزائل کا ملبہ گرنے سے شدید آگ بھڑک اٹھی تھی، جس سے پورٹ کی آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
اماراتی حکام اور فنانشل ٹائمز نے موجودہ تنازع میں یو اے ای پر ہونے والے ایرانی حملوں کے سنسنی خیز اعداد و شمار جاری کیے، جس کے مطابق اپریل 2026 تک ایران کی جانب سے یو اے ای کے مختلف اہداف پر 438 بیلسٹک میزائل، 2,012 ڈرونز اور 19 کروز میزائل داغے جا چکے ہیں۔
خیال رہے تہران کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے سلسلے میں حالیہ دنوں میں مزید تیزی آئی ہے، برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق، پیر کے روز عمان کے علاقے ‘لیما’ سے 13 ناٹیکل میل جنوب مشرق میں ایک اور آئل ٹینکر کو ایرانی میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز آبنائے ہرمز میں امارات کے دو آئل ٹینکرز پر ایرانی کروز میزائلوں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک بھارتی شہری ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے۔