حیدرآباد

کھوئے ہوئے وقار کی بحالی کیلئے قرآن فہمی اور سیرتِ نبویؐ کا عملی مطالعہ ناگزیر: ڈاکٹر محمد قطب الدین

پیر شبیر نقشبندی نے عالمی قرآنی و روحانی تحریک کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 35 برسوں کے دوران انہوں نے 12 صدورِ جمہوریۂ ہند اور 13 وزرائے اعظم کو مختلف زبانوں میں قرآنِ پاک کے نسخے پیش کیے اور انہیں قرآن کے پیغام کو سمجھنے کی دعوت دی۔ اس عرصے میں 220 قرّاء کرام نے ہندوستان کا دورہ کیا۔ آخر میں انہوں نے رقت انگیز دعا بھی کی۔

حیدرآباد: مسلمان اگر اپنے کھوئے ہوئے وقار اور شاندار ماضی کی عظمت کو دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ قرآنِ مجید کو سمجھ کر پڑھیں، اس پر عمل کریں اور اس کے پیغام کو عام کریں۔ اسی طرح سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ کا محض مطالعہ ہی نہیں بلکہ اس کی عملی تفسیر بننا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرِ نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع نے کیا۔

متعلقہ خبریں
بین الاقوامی یومِ مادری زبان کے موقع پر ممتاز لسانی ماہرین کو اعزازات
مسلم تحفظات کے30 سال کی تکمیل، محمد علی شبیر کو تہنیت پیش کی جائے گی:سمیر ولی اللہ
ڈی جے ایس کے زیرِ اہتمام رمضان اجتماع اور افطارِ عام، مغل پورہ میں انعقاد
اندرا پریہ درشنی گورنمنٹ ڈگری کالج ، نامپلی۔ حیدرآباد میں ”عالمی یوم مادری زبان “ کا انعقاد
حضرت سیدہ کائنات فاطمۃ الزھراءؓ اصل اور نسل ہر دو لحاظ سے پاکیزہ، آپ کی سیرت خواتین امت کے لئے مشعل راہ: مولانا ڈاکٹر سید احمد غوری نقشبندی

وہ 21 فروری کو میڈیا پلس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ مصری قرّاء کرام کی محفلِ نعت سے خطاب کر رہے تھے۔ حیدرآباد میں میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ یہ محفل مولانا پیر شبیر نقشبندی کی زیرِ نگرانی ہوئی۔

ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ جنہوں نے نبی کریم ﷺ کی غلامی اختیار کی، انہیں دنیا کی بادشاہت نصیب ہوئی۔ اگرچہ غلامانِ نبی ﷺ نے فقیرانہ روش اپنائی، مگر وقت کے بادشاہ ان کی دہلیز پر حاضر ہوتے رہے۔ انہوں نے نئی نسل کو قرآن، اسوۂ حسنہ اور تاریخِ اسلام سے روشناس کرانے پر زور دیا اور کہا کہ ان شاء اللہ آج جو لوگ مسلمانوں سے بدظن ہیں، وہی کل معتقد بن جائیں گے۔

پیر شبیر نقشبندی نے عالمی قرآنی و روحانی تحریک کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 35 برسوں کے دوران انہوں نے 12 صدورِ جمہوریۂ ہند اور 13 وزرائے اعظم کو مختلف زبانوں میں قرآنِ پاک کے نسخے پیش کیے اور انہیں قرآن کے پیغام کو سمجھنے کی دعوت دی۔ اس عرصے میں 220 قرّاء کرام نے ہندوستان کا دورہ کیا۔ آخر میں انہوں نے رقت انگیز دعا بھی کی۔

اس موقع پر عالمی قرآنی و روحانی تحریک کی دعوت پر ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے مصری قرّاء کرام—الشیخ عبد المحمود عبد اللہ، الشیخ عبد اللہ فتحی یوسف، الشیخ عزت رجب سلیمان علی اور الشیخ محمد قطب—نے تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول ﷺ پیش کر کے سماں باندھ دیا۔

محفل میں جناب سید اسماعیل (پروپرائیٹر، کرشمہ گروپ) اور جناب محمد مکرم خان (منیجنگ پارٹنر، ایف ڈی خان کمپنی) اعزازی مہمانوں کے طور پر شریک تھے۔ نظامت کے فرائض سید خالد شہباز نے انجام دیے، جبکہ جناب محمد مکرم خان نے مصری قرّاء کرام اور دیگر مہمانوں کو تہنیت پیش کی۔

اس بابرکت محفل میں ڈاکٹر مشتاق علی، حافظ و قاری محمد یونس علی خان، کے این واصف، ڈاکٹر محمد ناظم علی اور محترمہ فاطمہ نسرین بھی موجود تھے۔