حیدرآباد

مسلم تحفظات کے30 سال کی تکمیل، محمد علی شبیر کو تہنیت پیش کی جائے گی:سمیر ولی اللہ

صدر حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو تعلیم و روزگار میں 4فیصد تحفظات کی فراہمی کے30سال کی تکمیل پر 25 /اگست کو شہر میں بڑے پیمانہ پر تقریب منعقد کی جائے گی۔

حیدرآباد: صدر حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو تعلیم و روزگار میں 4فیصد تحفظات کی فراہمی کے30سال کی تکمیل پر 25 /اگست کو شہر میں بڑے پیمانہ پر تقریب منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
کے سی آر کو گجویل سے شکست کا خوف۔ محمد علی شبیر کا راستہ روکنے کاماریڈی حلقہ کاانتخاب
مسلم تحفظات کسی کے باپ کی جاگیر نہیں جو ختم کئے جاسکیں
سنسربورڈ ’ہم دو ہمارے بارہ‘ فلم کی ریلیز پر روک لگائے : امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند
مسلمانوں کی جان، املاک، عبادت گاہوں اور تجارت پر جان لیوا خطرات منڈلارہے ہیں۔ مفکرین کی رائے
مسلمانوں کو اب سوچ سمجھ کر موقع دے گی بی ایس پی:مایاوتی

اس تقریب میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی وپارلیمنٹ اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ تقریب میں 4فیصد مسلم تحفظات کے روح رواں سابق وزیر اقلیتی بہبود اور موجودہ مشیر تلنگانہ حکومت محمد علی شبیر کو تہنیت پیش کی جائے گی۔

سمیر ولی اللہ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ25/ اگست1994 کو اس وقت کی کانگریس حکومت کے چیف منسٹر کے وجئے بھاسکر ریڈی نے جی او ایم ایس30 جاری کرتے ہوئے مسلمانوں کے14 پیشہ ور طبقات کو تعلیم و روزگار میں تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم چنددن بعد متحدہ ریاست میں تلگودیشم پارٹی اقتدار میں آئی اور اس نے اس مسئلہ کو زیر التواء رکھا تھا۔

2004 میں جب راج شیکھر ریڈی حکومت نے جی او نمبر33 جاری کرتے ہوئے مسلمانوں کو5 فیصد تحفظات کا اعلان کیا تھا لیکن بعض مخالفین نے مذکورہ جی او کو عدالت میں چالینج کیا۔ بعدازاں عدالت کی ہدایت پر مذکورہ جی او میں ترمیم کرتے ہوئے 5فیصد تحفظات میں ایک فیصد کو گھٹا کر 4فیصد تحفظات کا جی او نمبر23 مورخہ 7 جولائی 2007 کو جاری کیا۔

4فیصد تحفظات پر عمل آوری سے تقریباً 20لاکھ مسلم طلبہ نوجوانوں نے پیشہ وارانہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملک وبیرون ملک اپنے خاندان، ریاست اور ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس حکومت نے مقامی ادارہ جات میں بی سی ای زمرہ کے تحت مسلمانوں کو 4فیصد تحفظات کی راہ ہموار کی جس کی وجہ سرپنچ، ضلع پریشد، ایم پی ٹی سی، کونسلرس، کارپوریٹرس، مئیر اور ڈپٹی مئیر کے عہدوں پر 4فیصد کی عمل آوری عمل میں لائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ20 سال کے دوران محمد علی شبیر نے 4 فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے رات دن جدوجہد کی اور ہائی کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ اور حکومت کی سطح پر محمد علی شبیر کی خدمات اور مسلسل نمائندگی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جس کی وجہ سے مسلمانوں کی زندگیوں میں ایک انقلاب برپا ہوا۔ ان کو معیشت میں سدھار آیا۔

آج بھی4فیصد تحفظات کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے اور محمد علی شبیر سپریم کورٹ میں ماہروکلا کی خدمات حاصل کرتے ہوئے قانونی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ اس کے برعکس وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جب کبھی حیدرآباد آتے ہیں تو وہ اپنی تقاریر میں 4فیصد مسلم تحفظات کو ختم کرنے کے اپنے ناپاک عزائم کا اظہار کرتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی بالخصوص مشیر تلنگانہ محمد علی شبیر کے عزائم بہت بلند ہیں اور وہ مسلم تحفظات کو کسی بھی قیمت پر بچانے کا عہد کرچکے ہیں۔

25اگست کو شہر میں منعقد شدنی تقریب میں 4فیصد مسلم تحفظات کی جدوجہد پر تصویری نمائش کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا اور ملک بھر سے کانگریس قائدین اور دانشوران ملت اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ مزید تفصیلات کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔

a3w
a3w