کھیل

پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف آسان جیت

پاکستان کی اوپنر منیبہ علی نے چہارشنبہ کی رات خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بناکر تاریخ رقم کی۔ منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کیلئے سنچری بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

کیپ ٹاون: پاکستان کی اوپنر منیبہ علی نے چہارشنبہ کی رات خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بناکر تاریخ رقم کی۔ منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کیلئے سنچری بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے صرف 68 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی دعوت قبول کرتے ہوئے منیبہ علی کی سنچری کی مدد سے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16.3 اوورز میں 95 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ منیبہ علی کو ان کی شاندار اننگز پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ پاکستان نے منیبہ علی اور جویریہ خان (6) کے درمیان 44 رنز کی شراکت داری کے ساتھ شاندار آغاز کیا۔

کپتان بسمہ معروف (4) زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکیں اور ڈیلینی کی گیند پر کیلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ یہاں سے منیبہ علی کو تجربہ کار ندا ڈار (33) کا تعاون حاصل ہوا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 101 رنز کی سنچری پارٹنرشپ بنائی اور پاکستان کو بہت مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔

دونوں نے پاکستان کے اسکور کو 150 رنز سے آگے بڑھایا۔ مبینہ علی اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد کیلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔ کیلی نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ڈار کو کلین بولڈ کیا۔ کیلی نے اننگز کی آخری گیند پر عائشہ نسیم (6) کو اسٹمپ کیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے آرلین کیلی نے دو جبکہ لی پال اور لورا ڈیلانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم کبھی بھی میچ میں نظر نہیں آئی۔ فاطمہ ثنا نے ایمی ہنٹر (6) کو نشرا سندھو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر آئرلینڈ کا آغاز خراب کیا۔ اس کے بعد ندا ڈار نے گیبی لیوس (10) کو وکٹ کیپر منیبہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر آئرش ٹیم کو ایک اور جھٹکا دیا۔

اس کے بعد آئرلینڈ کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح گری اور پوری ٹیم صرف 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نشرا سندھو پاکستان کی کامیاب ترین بولر رہیں۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر گیندباز نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اورلا پرینڈر گاسٹ (31)، ایمر رچرڈسن (28)، لیوس لٹل (3) اور میری والڈرون (1) کو اپنا شکار بنایا۔ اس کے علاوہ سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے دو دو کامیابیاں حاصل کیں۔ فاطمہ ثناء اور طوبہ حسن کے کھاتے میں ایک ایک وکٹ آئی۔