وی ایچ پی‘ مذہب تبدیل کرنے والوں کو دُہرا فائدہ اٹھانے نہیں دے گی
وشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی) نے جمعہ کے دن کہاکہ دھرم پریورتن (تبدیلی ئ مذہب) کرنے والوں کو درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے لئے مختص ریزرویشن کا فائدہ نہیں ملنا چاہئے۔
لکھنو: وشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی) نے جمعہ کے دن کہاکہ دھرم پریورتن (تبدیلی مذہب) کرنے والوں کو درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے لئے مختص ریزرویشن کا فائدہ نہیں ملنا چاہئے۔
اس نے کہا کہ وہ دھرم پریورتن کرنے والوں کو ”دُہرا فائدہ“اٹھانے نہیں دے گی تاہم اسے بدھ مت یا سکھ مت کے ماننے والوں کے دھرم پریورتن پر کوئی شکایت نہیں ہوگی۔
اس نے کہا کہ عیسائیت اور اسلام کا جنم ہندوستان میں نہیں ہوا۔ وی ایچ پی کے قومی ترجمان وجئے شنکر تیواری نے لکھنو کے وشواسمواد کیندر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دھرم پریورتن کرنے والوں کو ایس سی۔ ایس ٹی ریزرویشن کا فائدہ نہیں ملنا چاہئے۔
یہ لوگ نہ صرف ذات پات پر مبنی ریزرویشن بلکہ اقلیت ہونے کا بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔
یہ پوچھنے پر کہ ان کی تنظیم اسے کیسے روکے گی‘ تیواری نے کہا کہ ہندو سماج بڑی سوسائٹی ہے اور مرکزی حکومت کو اس کی بات ماننی ہی ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض لوگ دُہرا فائدہ اٹھانے اپنا مذہب بدل رہے ہیں۔ انہوں نے اسے ملک کے لئے خطرہ قراردیا۔