ورنگل: جمعیۃ العلماء کا اصلاح معاشرہ اور منشیات مخالف اجلاس
13 ستمبر کو ورنگل کے کاسمو کنونشن ہال میں جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اجلاس منعقد ہوا
13 ستمبر کو ورنگل کے کاسمو کنونشن ہال میں جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت حافظ محمد مجاہد علی سبیلی نے کی اور زیرِ نگرانی مولانا محمد عبد العظیم قاسمی نے کی۔ اجلاس کا عنوان "اصلاح معاشرہ و مخالف منشیات” اور "وقف ترمیمی بل کی مخالفت” تھا۔
پاسبان ملت حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم صدر جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کی سرپرستی میں ہونے والے اس اجلاس میں مہمان خصوصی حضرت مولانا محمد عرفان صاحب قاسمی، مبلغ دارالعلوم دیوبند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لالچ، حرص، ہوس، اور خود پسندی مہلک اعمال ہیں جن سے بچنا ضروری ہے۔ انہوں نے نماز، تقوی، طہارت، رجوع الی اللہ، اور خدمت خلق کو مؤمن کے لیے دنیا و آخرت میں نفع بخش اعمال قرار دیا اور وقت کو ضائع نہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
قائد جمعیت حافظ پیر خلیق احمد صابر، جنرل سیکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا نے مسلمانوں کو مایوس نہ ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سرمایہ توکل علی اللہ ہے، ہم کسی غیر اللہ کی طاقت کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔ شریعت اور دستور ہند کے مطابق ہم اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں اور ہمارے نوجوانوں کو قوم و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔
مولانا محمد فصیح الدین صاحب قاسمی نے اپنی بات میں کہا کہ جمعیت علماء ہمارے اسلاف کی قائم کردہ جماعت ہے جس نے ملک کو آزادی دلائی اور ملک و ملت کی ترقی میں ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں مفتی محمد زکریا قاسمی، مولانا سید بلال افضل قاسمی، مولانا نوشاد اختر قاسمی، حافظ محمد نعمان برادرس، حافظ سید حیدر سمیع اللہ حسینی، حافظ محمد شاہد احمد، نوجوان قائد محمد امیر پاشاہ، مولانا سید اعجاز حفیظ اسعدی، مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی، اور مولانا سید اسامہ کے علاوہ عام مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس مولانا ہارون رشید صاحب قاسمی کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔