جموں و کشمیر

ہمیں دوسری پارٹیوں کے امیدواروں کی نقطہ چینی کے بجائے لوگوں کی خدمت پر توجہ دینی چاہئے:غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے کہا 'میرے خیال میں الیکشن کمیشن بلکہ مقامی انتظامیہ یہ غلطی کر رہا ہے کہ اودھم پور نشست پر ہر وقت الیکشن کا پہلا مرحلہ ہوتا ہے جبکہ اپریل بارش کا مہینہ ہوتا ہے جس سے پولنگ متاثر ہوتی ہے'۔

سری نگر: ڈیموکریٹ پروگرسیو آزاد پارٹی( ڈی اے پی اے) کے چیئرمین غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ ہمیں دوسری پارٹیوں کے امید واروں کی نقطہ چینی کرنے کے بجائے لوگوں کی خدمت پر توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہا: ‘میں خود تمام پارٹیوں کی امید واروں کی عزت کرتا ہوں اور اپنے ساتھیوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی دوسرے امید وار کی نقطہ چینی کرنے سے پرہیز کریں’۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ میں 104 امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج
جمعیۃ اہلِ حدیث کے وفد کی ٹمریز چیئرمین محمد فہیم قریشی سے ملاقات، رمضان میں سحر و افطار و تراویح کے تاریخی انتظام پر مبارکباد
پاکستان اصل مسئلہ نہیں: غلام نبی آزاد
"اظہار رائے کی آزادی کا مطلب دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں”: جسٹس راما سبرامنین
اے پی میں لوک سبھا کے 13حلقوں کیلئے ٹی ڈی پی کی پہلی فہرست جاری

موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا جہاں وہ اپنے امیدوار ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے کے ہمراہ تھے جنہوں نے اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔

انہوں نے کہا: ‘میں دوسری پارٹیوں کے لیڈروں اور امید واروں کی عزت کرتا ہوں میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ وہ کسی امید وار کی نقطہ چینی نہ کریں بلکہ اپنے کام سے کام رکھیں اور پارٹی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا کر لوگوں کی خدمت کریں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے اس لوک سبھا نشست کے لئے ایک پڑھے لکھے امید وار کو کھڑا کیا ہے جو ایک وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ ڈی ڈی سی ممبر بھی ہیں’۔انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کے لوگوں کی وکالت کریں گے۔

آزاد نے کہا کہ اودھم پور لوک سبھا سیٹ پر ڈی اے پی اے کی پوزیشن مضبوط ہے۔انہوں نے کہا: ‘میرے خیال میں الیکشن کمیشن بلکہ مقامی انتظامیہ یہ غلطی کر رہا ہے کہ اودھم پور نشست پر ہر وقت الیکشن کا پہلا مرحلہ ہوتا ہے جبکہ اپریل بارش کا مہینہ ہوتا ہے جس سے پولنگ متاثر ہوتی ہے’۔

اس نشست سے الیکشن نہ لڑنے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘غلام نبی آزاد کی کمانڈ خود غلام نبی آزاد کے ہاتھوں میں ہے، میں دلی سے یہاں لوگوں کی خدمت کے لئے آیا ہوں’۔

قابل ذکر ہے کہ ڈی اے پی اے نے اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے پہلے پارٹی چیئرمین غلام نبی آزاد کو کھڑا کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں پارٹی نے ایڈوکیٹ محمد سلیم کو اس سیٹ کے لئے نامزد کیا۔