شمالی بھارت

West Bengal communal tension Murshidabad: مرشدآباد تشدد میں گرفتاریوں کی تعداد 200 پارکرگئی۔ بھانگڑ میں تازہ کشیدگی

مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد میں جاری کشیدگی کے بیچ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ متصل اضلاع مالدہ اور بیربھوم میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل کردی جائے۔

West Bengal communal tension Murshidabad: کولکتہ (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد میں جاری کشیدگی کے بیچ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ متصل اضلاع مالدہ اور بیربھوم میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل کردی جائے۔

اسی کے ساتھ مرشدآباد ضلع کے مزید علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرشدآباد کی صورتِ حال کم و بیش قابو میں آچکی ہے۔ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے لئے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر فیک جانکاری کا پھیلاؤ دردِ سر بنا ہوا ہے۔

اسی لئے انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا۔ گڑبڑزدہ علاقوں میں بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف) تعینات کردی گئی۔ اس سے کہا گیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل اضلاع مرشدآباد اور مالدہ کے مواضعات میں سیکوریٹی یقینی بنائے۔

ضلع مرشدآباد میں تقریباً 500 خاندان بے گھر ہوگئے ہیں اور انہوں نے متصل ضلع مالدہ کے ایک اسکول میں بنے عارضی ریلیف کیمپ میں پناہ لی ہے۔ ان کنبوں کا تعلق دھولیان اور شمشیر گنج سے ہے۔ مرشدآباد تشدد کے سلسلہ میں گرفتاریوں کی تعداد 200 پار کرچکی ہے۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر)جاوید شمیم نے بتایا کہ اضلاع مرشدآباد اور مالدہ کے گڑبڑزدہ علاقوں کی صورتِ حال اب کم و بیش نارمل ہے۔ دکانیں اور کاروباری ادارے کھلنے لگے ہیں۔ دیگر ریاستوں کے بعض مفادات ِ حاصلہ افواہیں پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی روک تھام کے لئے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔

اسی دوران ضلع 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی حلقہ اسمبلی بھانگڑ میں پیر کی دوپہر کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس والوں اور آل انڈیا سیکولر فرنٹ کے حامیوں میں جھڑپیں ہوئیں۔

بھانگڑ کے اے آئی ایس ایف رکن اسمبلی نوشاد صدیق نے جو ریاستی اسمبلی میں اپنی پارٹی کے واحد نمائندہ ہیں‘ کہا کہ وقف مسئلہ پر کشیدگی پھیلانے کے لئے پولیس ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25753 ٹیچروں کے تقررات حال میں سپریم کورٹ کی جانب سے منسوخ کئے جانے کے بعد جو عام بے چینی پھیلی ہوئی ہے اس سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج سے غیرضروری طورپرروکا گیا۔