شمالی بھارت

وزیراعظم مودی‘ ذات پات پر مبنی مردم شماری سے کیوں ڈرتے ہیں؟: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے یہ بھی اعلان کیا کہ دہلی میں (مرکز میں) کانگریس کے برسراقتدار آنے پر سارے ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کرادی جائے گی۔ ہم چھتیس گڑھ میں پہلے ہی یہ وعدہ کرچکے ہیں۔

رائے پور: کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن وعدہ کیا کہ چھتیس گڑھ میں ان کی پارٹی کا اقتدار برقرار رہا تو سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں مفت تعلیم ملے گی اور تیندو پتہ چننے  والوں کو ہر سال 4 ہزار روپے ملیں گے۔

متعلقہ خبریں
15 فیصد مسلم ریزرویشن سے متعلق کانگریس پر جھوٹا الزام : پی چدمبرم
مودی کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنے پر کارروائی رپورٹ طلب
دونوں جماعتوں نے حیدرآباد کو لیز پر مجلس کے حوالے کردیا۔ وزیر اعظم کا الزام (ویڈیو)
میں نے حکمت عملی کے تحت لوک سبھا الیکشن نہیں لڑا: پرینکا کا انٹرویو (ویڈیو)
رائے بریلی کے لوگوں کو سونپ رہی ہوں اپنا بیٹا : سونیا گاندھی (ویڈیو)

حلقہ اسمبلی بھانوپرتاپ پور میں الیکشن ریالی سے خطاب میں انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی جب اپنی تقاریر میں او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات)کو اوپر اٹھانے کی باتیں کرتے ہیں تو پھر وہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے سے کیوں خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آئی تو ملک میں مردم شماری کرادی جائے گی۔

بھانوپرتاپ پور اُن 20 اسمبلی حلقوں میں ایک ہے جہاں پہلے مرحلہ کے تحت 7  نومبر کو پولنگ ہوگی۔ یہاں رائے دہی کا دوسرا مرحلہ 17 نومبر کو ہوگا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہم آپ کے لئے بڑا قدم اٹھانے والے ہیں جسے آپ کے جی (کنڈرگارٹن) تا پی جی (پوسٹ گریجویشن) کہہ سکتے ہیں۔

 ریاست میں کانگریس کا اقتدار برقرار رہا تو سرکاری اداروں میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ طلبا کو ایک پیسہ تک دینا نہیں ہوگا۔ راجیوگاندھی پروتساہن یوجنا کے تحت تیندو پتہ چننے والوں کو ہر سال 4 ہزار روپے ملیں گے۔ اسے بھانوپرتاپ پور نشست کے لئے بڑے اعلان کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ یہ نشست قبائلی علاقہ بستر میں پڑتی ہے۔

 ذات پات پر مبنی مردم شماری کی وکالت کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ نریندر مودی جی اپنی ہر تقریر میں او بی سی کا لفظ استعمال کرتے ہیں لیکن کاسٹ سینسس سے ڈرتے ہیں۔ دیگر پسماندہ طبقات کو ہوشیار ہوجانا چاہئے کہ ان سے دھوکہ ہورہا ہے۔

 راہول گاندھی نے یہ بھی اعلان کیا کہ دہلی میں (مرکز میں) کانگریس کے برسراقتدار آنے پر سارے ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کرادی جائے گی۔ ہم چھتیس گڑھ میں پہلے ہی یہ وعدہ کرچکے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے بی جے پی کی مرکزی حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ حکومت 2-3 صنعتکاروں کے لئے کام کرتی ہے جبکہ کانگریس کسانوں‘ دلتوں‘ مزدوروں اور آدی واسیوں کے مفاد کے لئے کام کرتی ہے۔ چھتیس گڑھ میں کانگریس نے پچھلے اسمبلی الیکشن سے قبل جو وعدے کئے تھے وہ پورے کردیئے گئے۔

 قبائلیوں کے لئے آدی واسی کے بجائے ون واسی کے استعمال پر اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایسا کرتے ہوئے آدی واسیوں کی بے عزتی کررہی ہے۔وہ ان کی ثقافت‘ تاریخ اور زبان پر حملہ کررہی ہے۔

دوران ِ تقریر راہول گاندھی کچھ دیر کے لئے رک گئے اور پانی کی بوتل لے کر اسٹیج کے ایک کونے میں چلے گئے جہاں ایسا لگتا ہے کہ کوئی بے ہوش کر گرپڑا تھا۔ راہول گاندھی نے شہ نشین پر واپس آنے کے بعد پوچھا کہ آیا وہ بندہ ٹھیک ہے؟۔