شمالی بھارت

گجرات کے پہلے لوجہاد کیس کا عدالت کے باہر تصفیہ

جسٹس نیرل مہتا نے کہاکہ فریقین کے درمیان پُرامن سمجھوتہ ہوگیا ہے۔ شکایت کرنے والی اور ملزم دونوں مل جل کر رہ رہے ہیں۔

احمدآباد: جون 2021ء میں گجرات کے شہر وڈودرا میں پہلا لو جہاد کیس درج ہوا تھا۔ گذشتہ ماہ گجرات ہائی کورٹ کی واحدرکنی بنچ نے ملزم سمیرقریشی اور پانچ دیگر کے خلاف ایف آئی آر ردکردی۔

جسٹس نیرل مہتا نے کہاکہ فریقین کے درمیان پُرامن سمجھوتہ ہوگیا ہے۔ شکایت کرنے والی اور ملزم دونوں مل جل کر رہ رہے ہیں۔

یہ عدالت ان کا سٹلمنٹ قبول کرتی ہے۔ ملزم سمیر نے جب ایف آئی آر ردکرانے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی تو اس کی بیوی دیویا بین نے عدالت سے کہاتھا کہ لو جہاد کا زاویہ پولیس نے اپنی طرف سے جوڑا۔

یہ الزامات غلط ہیں۔ میں نے ایسا الزام کبھی نہیں لگایا۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ مجھے اسلام قبول کرنے پر مجبورکیاگیا۔ شوہر کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد سے دیویا بین باربار اپنا بیان بدلتی رہی ہے۔