دہلی

آر ایس ایس، اقلیتوں پر مظالم پر سوال کیوں نہیں اٹھاتی: کپل سبل

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے وجئے دشمی (دسہرہ) خطاب کے ایک دن بعد رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے اتوار کے دن کہا کہ موہن بھاگوت کے بیان اور بی جے پی زیرقیادت حکومت کے درمیان کوئی ربط نہیں، حالانکہ بی جے پی کو آر ایس ایس کی تائید حاصل ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے وجئے دشمی (دسہرہ) خطاب کے ایک دن بعد رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے اتوار کے دن کہا کہ موہن بھاگوت کے بیان اور بی جے پی زیرقیادت حکومت کے درمیان کوئی ربط نہیں، حالانکہ بی جے پی کو آر ایس ایس کی تائید حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں
مودی حکومت، صنعتکاروں کے لئے کام کرتی ہے: راہول گاندھی
میاں مسلمانوں سے متعلق چیف منسٹر آسام کے ریمارک پر کپل سبل کی تنقید
ہمیں پورے ہندو سماج کو منظم کرنا ہوگا: بھاگوت
بی جے پی، خواتین کو دوسرے درجہ کا شہری سمجھتی ہے: راہول گاندھی (ویڈیو)
انیل وِج، ہریانہ کی چیف منسٹری کے دعویدار

ہفتہ کے دن آر ایس ایس سربراہ نے کہا تھا کہ گزشتہ چند برس میں ہندوستان مضبوط ہوا ہے اور اُس کی عزت و ساکھ بڑھی ہے، لیکن اس کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ کپل سبل نے موہن بھاگوت کی تقریر کے حوالہ سے کہا کہ وجئے دشمی پر موہن بھاگوت نے اچھا بیان دیا، انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بھگوان بٹے ہوئے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

سادھو سنت بٹے ہوئے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ یہ مختلف مذہب اور زبانوں کا ملک ہے۔ کپل سبل نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ والمیکی نے رامائن لکھی، لہٰذا سارے ہندوؤں کو والمیکی دیوس منانا چاہئے۔ ایسا کیوں نہیں ہورہا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ میں چند سوالات پوچھنا چاہتا ہوں۔ آر ایس ایس، حکومت کی تائید کرتی ہے، جو موہن بھاگوت کے بیان کے خلاف کام کرتی ہے۔

2014ء کے بعد سماج میں کافی پھوٹ پڑی۔ اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا اور بلڈوزر حرکت میں لائے گئے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ لو جہاد اور سیلاب جہاد کی باتیں ہوئیں۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ آر ایس ایس ایسے واقعات پر سوال کیوں نہیں اٹھاتی؟۔ لوگ، لوگوں کی شہریت پر شبہ کررہے ہیں۔

کئی متنازعہ بیانات دئے جارہے ہیں۔ آر ایس ایس اس پر سوال کیوں نہیں اٹھاتی۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک اور اس کے شہریوں خاص طور پر اقلیتوں اور والمیکی سماج کے لوگوں کی سیکوریٹی یقینی بنائے جو ”خوف میں جی رہے ہیں“۔ کپل سبل نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کیا ہوا۔ این سی پی کے باباصدیقی کو ہلاک کردیا گیا۔ کھلے عام قتل ہورہے ہیں۔ آپ کا چیف منسٹر آسام متنازعہ بیانات دیتا رہتا ہے۔

مجھے تعجب ہے کہ آر ایس ایس اس پر کچھ بھی نہیں کہتی۔ رکن راجیہ سبھا نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کو ہریانہ میں حالیہ اسمبلی الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تعلق سے کانگریس کے اٹھائے گئے سوالات پر وضاحت کرنی چاہئے۔

کپل سبل نے کہا کہ ان کی رائے میں الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا بیجا استعمال ہورہا ہے، کانگریس الیکشن کمیشن کو ثبوت دے رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کو وضاحت کرنی چاہئے۔ میں پہلے سے کہتا رہا ہوں کہ الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا بیجا استعمال ہوتا ہے۔