کنگنا کو تھپڑ رسید کرنے والی خاتون کانسٹیبل کلویندر کور معطل، گرفتاری کا بھی امکان
سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے چندی گڑھ ہوائی اڈے پر تعینات خاتون کانسٹیبل کلویندر کور کو معطل کر دیا ہے۔ کلویندر کور نے ایئر پورٹ پر اداکار سے سیاست داں بن جانے والی کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا۔

چنڈی گڑھ: سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے چندی گڑھ ہوائی اڈے پر تعینات خاتون کانسٹیبل کلویندر کور کو معطل کر دیا ہے۔ کلویندر کور نے ایئر پورٹ پر اداکار سے سیاست داں بن جانے والی کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا۔
کلوویندر کور کی معطلی تھپڑ مارنے کے الزام کے سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد عمل میں آئی۔ ذرائع کے بموجب ان کی گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں ایک ویڈیو سامنے آیا تھا جس میں کانسٹیبل کلویندر کور اس واقعے پر بات کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں کلویندر کور کنگنا رناوت کے ساتھ جھگڑے کا حوالہ دیتی ہوئی کہتی نظر آرہی ہیں کہ کنگنا نے کسان احتجاج میں شرکت کرنے والی خواتین کی توہین کی تھی۔
کلویندر نے کنگنا رناوت کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کسان احتجاج میں حصہ لینے والی خواتین سو سو روپے لے کر دھرنے میں بیٹھنے آئی ہیں۔ ان خواتین کو سو سو روپے ادا کئے جارہے ہیں۔
کلویندر کور نے انکشاف کیا کہ ان کی ماں بھی اس وقت احتجاج میں شامل خواتین میں سے ایک تھیں۔ کلویندر کا کہنا ہے کہ وہ کنگنا کے اس بیان پر برہم تھیں۔ وہ کس طرح ہماری ماؤں کی توہین کرسکتی ہے؟
اس واقعہ نے بڑے پیمانے پر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے جس میں کسانوں کی تحریک کے ارد گرد پیدا ہونے والے تناؤ اور کنگنا رناوت جیسی شہرت رکھنے والی شخصیات کے عوامی بیانات کے اثرات کو نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔
کلویندر کور کو فوری اثر کے ساتھ ملازمت سے معطل کردیا گیا ہے۔ سی آئی ایس ایف نے کنگنا واقعہ کے تناظر میں یہ اقدام کیا۔ ذرائع کے بموجب کلویندر کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔