حکومت، ستمبر سے وشاکھا پٹنم سے کام کرے گی: جگن
آندھرا پردیش میں انتظامیہ کو غیر مرکوز کرنے کے حصہ کے طور پر ریاستی حکومت، آئندہ ستمبر سے وشاکھا پٹنم سے کام کرنا شروع کردے گی۔

سریکا کولم: آندھرا پردیش میں انتظامیہ کو غیر مرکوز کرنے کے حصہ کے طور پر ریاستی حکومت، آئندہ ستمبر سے وشاکھا پٹنم سے کام کرنا شروع کردے گی۔
چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چہارشنبہ کے روز یہ بات کہی۔ ضلع سریکا کولم کے سنتا بومالی منڈل کے ناپاڈا گاؤں میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر جگن نے اعلان کیا کہ آئندہ ستمبر سے حکومت، بندر گاہی شہر وشاکھا پٹنم سے کام شروع کردے گی۔
وہ، اس گاؤں میں انفراسٹرکچر پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہر کسی کے لئے وشاکھا پٹنم ایک قابل قبول شہر ہے۔ انتظامیہ کو غیر مرکوز بنانے کے ایک حصہ کے طور پر آئندہ ستمبر سے آپ کا بیٹا (چیف منسٹر جگن) خاندان کے ساتھ وشاکھا پٹنم منتقل ہوجائے گا۔
بندرگاہی شہر وشاکھا پٹنم، جنوبی ہند کی ریاستوں کا بڑاشہر ہے۔ تین شہروں کو صدر مقام بنانے کی حکمت عملی کے تحت وشاکھا پٹنم، عاملہ صدر مقام کے طور پر جگن کی اولین ترجیحی رہی ہے۔
انہوں نے وشاکھا پٹنم کو اگزیکٹیو صدر، امراوتی کو مقننہ صدر مقام اور کرنول کو جوڈیشیل صدر مقام بنانے کی حکمت عملی بنائی تھی مگر آندھرا پردیش کاموجودہ صدر مقام امراوتی اور اسکو گرین فیلڈ سٹی کے طور پر فروغ دینے کا معاملہ فی الوقت سپریم کورٹ میں زیرالتواء ہے۔
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن نے آج ضلع سریکا کولم میں ملا پیٹ گرین فیلڈ بندر گاہ کا سنگ بنیاد رکھا۔4362 کروڑ کے تخمینہ لاگتی اس پروجیکٹ کو اندرون 2سال تعمیر کرلیا جائے گا۔ بندرگاہ کے ساتھ چیف منسٹر نے بڈاگٹلہ پالم میں فشنگ ہاربر،گٹہ بیارج تا منڈلم ریزوائر ولائف اریگشن پروجیکٹ اور مہندرا تنیا ندی کے کاموں کا آغاز کیا۔
عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جگن نے کہا کہ وہ فخر سے یہ کہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ان 4پروجیکٹوں کی تکمیل کے بعد ضلع سریکا کولم کی تصویر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ساحلی پٹی کی لمبائی193 کیلو میٹر ہے جبکہ ریاست کی ساحلی پٹی 974 کیلو میٹر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیشرو ریاستی حکومتیں اور مرکز نے اس ساحلی ضلع میں بندرگاہ اور فشنگ ہاربر کی تعمیر کے عوامی مطالبہ کو نظر انداز کردیا۔ یہ ضلع، چینائی کی یا ممبئی بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔