حیدرآباد

عوام کو احتیاط برتنے تعمیر ملت کا مشورہ

کل ہند مجلس تعمیر ملت نے چین میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے ساتھ ہندوستان میں بھی نئی لہر اومیکرون کے سب وائرنٹ ’بی ایف 7‘ اثرات کے مرتب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا

حیدرآباد: کل ہند مجلس تعمیر ملت نے چین میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے ساتھ ہندوستان میں بھی نئی لہر اومیکرون کے سب وائرنٹ ’بی ایف 7‘ اثرات کے مرتب ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اور دیگر ریاستی حکومتیں اس وائرنٹ کے پیش نظر موثر اقدامات کرنے پر غور کررہی ہیں۔

اس سلسلہ میں عوام سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس موذی مرض سے بچاؤ پر توجہ دیں ورنہ بے احتیاطی سے وائرس سے خطرات پیدا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔

تعمیر ملت کے پریس نوٹ میں بتایاگیا ہے کہ مذکورہ سب وائرنٹ کی ہندوستان میں دستک کے ساتھ ہی مختلف ریاستوں نے اس کی روک تھام کے لئے رہنمایانہ خطوط وضع کرنے میں مصروف ہوگئی ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرض سے جانی نقصانات بھی ہوسکتے ہیں جس کے لئے تمام شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اوراس سے بچاؤ کے لئے اقدامات کے لئے سرکاری طور پر جو بھی احکامات جاری کئے جائیں گے‘ اس پر سختی سے عمل کریں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق عہدیداروں نے گجرات اور اوڈیشہ میں بی ایف 7 کے پہلے معاملوں کی توثیق کردی ہے جس سے ممکن ہے کہ وہ پھیلتے ہوئے دیگر ریاستوں میں داخل ہوجائے تو عوام کا جینا محال ہوجائے گا۔اسی لئے قبل از وقت ہی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور بیرونی ممالک سے آنے والے مسافروں کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت کی ہدایت کے مطابق اسکریننگ ٹسٹ کروالیں۔

اومیکرون کے سب وائرنٹ ’بی ایف 7‘ کی ہندوستان میں دستک کے بعد تشویش میں اضافہ ہوگیا کیوں کہ اخباری اطلاعات کے مطابق چین میں حالات کافی بگڑ گئے ہیں اس لئے ہندوستان میں ابھی سے احتیاطی اقدامات کے طور پر مرکزی و ریاستی حکومتیں اس ضمن میں اقدامات پر غور کررہی ہیں۔

تعمیر ملت نے مزید بتایا کہ اس سلسلہ میں مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا کی صدارت میں جائزہ اجلاس بھی منعقد کیاگیاجس میں ملک کے بعض حصوں میں اسی کی ایک اور شکل ڈیلٹا وائرنٹ کی بھی تصدیق کی ہے۔ایسے حالات میں احتیاط کے طورپر ماسک کے استعمال کی ضرورت ہے جس پر سختی سے عمل کیاجائے۔