حیدرآباد

وشنو وردھن ریڈی کے حامیوں کا جوبلی ہلز میں اظہرالدین کا گھیراؤ

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ایم پی محمداظہرالدین کو جوبلی ہلز میں سابق رکن اسمبلی وشنووردھن ریڈی کے حامیوں نے اس وقت روک دیا جبکہ وہ چائے پہ چرچہ پروگرام میں حصہ لینے یہاں پہنچے تھے۔

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ایم پی محمداظہرالدین کو جوبلی ہلز میں سابق رکن اسمبلی وشنووردھن ریڈی کے حامیوں نے اس وقت روک دیا جبکہ وہ چائے پہ چرچہ پروگرام میں حصہ لینے یہاں پہنچے تھے۔

جس کے نتیجہ میں جوبلی ہلز کے علاقہ میں کشیدگی پیداہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور پولیس نے دونوں قائدین کے حامیوں کوسمجھانے کی کوشش کی تاہم وشنووردھن ریڈی کے حامیوں نے کہاکہ وہ ان کے قائد کومطلع کئے بغیر کس طرح ان کے حلقہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔

بتایا گیاہے کہ جیسے ہی اظہر الدین اپنی کار میں جوبلی ہلز کے مدورانگر پولیس اسٹیشن کے تحت رحمت نگر ڈیویژن کے ایس پی آر ہلز پہنچے‘ وشنو وردھن ریڈی کے حامیوں نے ان کی کار کا گھیراؤ کیااوران کے خلاف نعرے بلند کئے۔

وشنووردھن ریڈی کے حامیوں کو روکنے میں پولیس کی ناکامی پر اظہر الدین پولیس پر برہم ہوگئے۔کانگریس کے ایک رکن نے پولیس سے سوال کیا کہ سابق رکن پارلیمنٹ اظہر الدین کو سیکوریٹی دینے کے بجائے انہیں دورہ سے روک دینا نامناسب ہے۔

اس دوران محمد اظہرالدین حالات کوبگڑتا دیکھ کر وہاں سے واپس ہوگئے۔ بعدازاں وشنووردھن ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اطلاع دیئے بغیر اظہرالدین کا ان کے حلقہ کا دورہ کرنامناسب نہیں ہے۔

وشنونے کہاکہ وہ اپنے والد پی جناردھن ریڈی کی توہین برداشت نہیں کریں گے جنہوں نے اپنی ساری زندگی کانگریس پارٹی اور عوامی خدمت کے لئے وقف کردی تھی۔ ان کے والد کی کانگریس پارٹی کے لئے قربانیوں کوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔

اپنے والد کے جانشین کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے عوام کے مسائل کو حل کرنے رات دن محنت کررہے ہیں۔وشنووردھن کانگریس ہائی کمان کوخبردار کیا کہ ان کے علاوہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے کسی دوسرے کوٹکٹ دیاجاتا ہے تووہ برداشت نہیں کریں گے۔

وشنووردھن ریڈی جوگزشتہ انتخابات میں جوبلی ہلز سے مقابلہ کرتے ہوئے ٹی آرایس امیدوار کے مقابلہ میں ناکام ہوئے تھے اس بار پھر وہ اس حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کے مضبوط دعویدار ہیں۔

ذرائع کے مطابق میری پارٹی کے ایک قائد‘مجھے اطلاع دیئے بغیر میرے حلقہ کا دورہ کررہے ہیں۔اگرمحمداظہرالدین‘پیشگی اطلاع دیتے ہوئے میرے حلقہ کا دورہ کرتے تووہ سرخ قالین پر ان کااستقبال کرتے۔

حلقہ کے کانگریس لیڈر وشنووردھن ریڈی نے یہ بات کہی۔ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین کا کہنا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں محمداظہر الدین کے حلقہ جوبلی ہلز سے الیکشن لڑنے کے امکان کوردنہیں کیاجاسکتا کیونکہ وہ پارٹی ہائی کمان سے راست طورپر ڈیل کرتے ہیں۔

دریں اثناء وشنووردھن ریڈی نے کہاکہ اگرحلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے انہیں ٹکٹ نہیں دیا جاتاہے تووہ اس کوقطعی طورپر برداشت نہیں کریں گے۔قبل ازیں جوبلی ہلز ریاست کے سب سے بڑے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کا حصہ تھا۔

نئی حدبندی کے بعد 2008 میں جوبلی ہلز کونیا اسمبلی حلقہ بنادیا گیا۔سابق سی ایل پی قائدآنجہانی جناردھن ریڈی نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے 1994‘1989‘1985‘1978 اور 2004 میں پانچ بار انتخابات جیت چکے تھے۔

وہ مرنے تک حلقہ کے ایم ایل اے تھے۔جناردھن ریڈی کے فرزند پی وشنووردھن ریڈی نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے ضمنی الیکشن کے علاوہ 2009 میں حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے کامیابی حاصل کی تھی۔