کریم نگر میں جیولری شو روم میں دن دہاڑے مسلح ڈکیتی، عملہ زخمی
مزاحمت پر حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شو روم کے تین ملازمین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعض کو بہتر علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔ ملزم بڑی مقدار میں سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کریم نگر: کریم نگر میں اتوار کے روز ایک جیولری شو روم میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
پولیس کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے پانچ نامعلوم مسلح افراد پی ایم جے جویلری میں گاہک بن کر داخل ہوئے اور اندر پہنچتے ہی اسلحہ نکال کر عملے کو یرغمال بنا لیا۔
مزاحمت پر حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شو روم کے تین ملازمین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعض کو بہتر علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔ ملزم بڑی مقدار میں سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فارنسک ٹیموں کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پورے ضلع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں پر ناکہ بندی کر کے تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔
پولیس ملزمان تک پہنچنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ آیا اس واردات میں ملوث افراد کسی بین ریاستی گینگ کا حصہ ہیں یا مقامی مجرم ہیں۔