کسانوں کو سنگھو سرحد پر روک دیا گیا
جنتر منتر پر ریسلرس کے ساتھ اظہار ِ یگانگت کے لئے آنے والے کسانوں کے ایک گروپ کو پولیس نے سنگھو سرحد پر روک دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 24 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نئی دہلی: جنتر منتر پر ریسلرس کے ساتھ اظہار ِ یگانگت کے لئے آنے والے کسانوں کے ایک گروپ کو پولیس نے سنگھو سرحد پر روک دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 24 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ کسان‘ اظہارِ یگانگت کے لئے قومی دارالحکومت میں احتجاجی ریسلرس کے ساتھ شامل ہونے جارہے تھے جن کے ساتھ دہلی پولیس نے جنتر منتر پر ہاتھاپائی کی۔ ریسلرس نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی مدد کے لئے آئیں۔
ایک پولیس عہدیدارنے آج بتایا کہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ پنجاب‘ ہریانہ اور اترپردیش کے کسانوں کی کثیر تعداد ٹریکٹروں کے ساتھ دہلی میں داخل ہونے کی کوشش کررہی ہے۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایاکہ ہم نے سنگھو بارڈر پر 24 کسانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان کا ہریانہ کے مختلف شہروں سے تعلق ہے۔ ان کی گاڑیاں پولیس اسٹیشن میں رکھی گئی ہیں۔
علیحدہ اطلاع کے بموجب ریسلر گیتا پھوگاٹ جنہوں نے 2010میں دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا تھا‘ انہیں سنگھو بارڈر پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔ وہ اور ان کے شوہر پون سروہا پہلوانوں کے ساتھ شامل ہونے جنتر منتر جارہے تھے۔
گیتا نے بتایا کہ دہلی پولیس نے مجھے اور میرے شوہر پون سروہا کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے سروہا کے ساتھ 2014 میں دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی اور کانسہ کاتمغہ جیتا تھا۔ انہیں بوانا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔