حیدرآباد

نظم وضبط کی صورتحال کو مکدر کرنے کی کوشش، سرینواس یادو بی جے  پی پر برہم

سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست بھر میں نظم وضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سی سی کیمرے نصب کئے گئے اور انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیاں، ڈیری وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے بی جے پی پر برہمی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ زعفرانی پارٹی، ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال کو مکدر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک عام شہری کے طور پر اپنی اس تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں آج تلنگانہ، تلگو فلم چیمبر آف کامرس اور ڈیجیٹل سرویس کے نمائندوں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کے ساتھ تہنیت پیش کرتے ہوئے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست بھر میں نظم وضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سی سی کیمرے نصب کئے گئے اور انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا ہے۔

 دنیا کی عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرنے کا مقصد ریاست میں امن وآمان کی صورتحال پر نظر رکھنا اور امن کا ماحول برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے دوران ریاست کی 552 تھیٹرس میں فلم گاندھی کی نمائش کا مفت نظم کیا گیا تھا۔

 ریاست کے 22.57 لاکھ طلبہ نے فلم گاندھی دیکھی ہے۔ یہ تقاریب، دو ہفتوں تک جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تقاریب کے دوران مجاہدین آزادی اور تحریک آزادی کی تاریخ سے نئی نسل کو واقف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تلگو فلم چیمبر آف کامرس اور ڈیجیٹل سرویسس کا  بھر پور تعاون حاصل رہا۔