ہریتاہارم پروگرام متاثر کن قابل ستائش:ناروے کے سابق وزیرایرک
یوروپی ملک ناروے کے سابق وزیر ایرک سولہیم نے تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے شروع کردہ ہریتا ہارم پروگرام کو قابل ستائش قرار دیا اور کہاکہ اندرون ایک دہا جنگلات کے رقبہ میں 7 فیصد کا اضافہ ہونا غیر معمولی کارنامہ ہے۔
حیدرآباد: اقوام متحدہ کے شعبہ ماحولیات کے سابق اگزیکٹیو ڈائرکٹر اور یوروپی ملک ناروے کے سابق وزیر ایرک سولہیم نے تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے شروع کردہ ہریتا ہارم پروگرام کو قابل ستائش قرار دیا اور کہاکہ اندرون ایک دہا جنگلات کے رقبہ میں 7 فیصد کا اضافہ ہونا غیر معمولی کارنامہ ہے۔
انہوں نے ہریتاہارم جیسے اختراعی پروگرام شروع کرنے پر کے سی آر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبہ سے ملک کی ہر ریاست میں شجرکاری پروگرام پر عمل کرنا چاہئے۔
رکن راجیہ سبھا جئے سنتوش کمار کی جانب سے شروع کردہ گرین انڈیا چالنج کے تحت آج بیگم پیٹ میں انہوں نے پودالگایا۔ ایرک سولہیم نے کہاکہ ہریتاہارم اور گرین انڈیا چالنج پروگرام سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ صحت مند ماحول کو برقرار رکھنے پلاسٹک کے استعمال کو کم سے کم کرنا چاہئے اور روزمرہ کی زندگی میں پلاسٹک کے استعمال سے نجات کے لے ہر ملک‘ ہر شہر میں سنتوش کمار جیسے افراد کی شدید ضرورت ہے۔
سنتوش کمار نے ایرک سولہیم کی جانب سے گرین انڈیا چالنج پروگرام میں حصہ لینے اور شجرکاری کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایرک سولہیم کے جذبہ کو اختیار کرتے ہوئے اپنی مہم میں مزید شدت لائیں گے۔ اس موقع پر کیون کنڈاسوامی‘ ششی دھر‘ رگھو‘ کروناکر ریڈی و دیگر موجود تھے۔