حیدرآباد

ہندی پرچہ لیک کے ملزم طالب علم کوراحت

ورنگل ضلع کے سنسنی خیز ہندی زبان کے پرچہ سوالات لیک کیس کے ملزم ایک طالب علم ہریش‘جسے ایس ایس سی کے مابقی امتحانات میں شرکت سے روک دیا گیا تھا، کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے آج اس وقت راحت ملی جب عدالت نے بورڈ آف ایس ایس سی کے عہدیداروں کو پیر سے ہریش کو بقیہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔

حیدرآباد: ورنگل ضلع کے سنسنی خیز ہندی زبان کے پرچہ سوالات لیک کیس کے ملزم ایک طالب علم ہریش‘جسے ایس ایس سی کے مابقی امتحانات میں شرکت سے روک دیا گیا تھا، کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے آج اس وقت راحت ملی جب عدالت نے بورڈ آف ایس ایس سی کے عہدیداروں کو پیر سے ہریش کو بقیہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔

عدالت نے یہ احکامات ان کے والد کی جانب سے دائر کردہ ہاؤس موشن پٹیشن کے جواب میں جاری کئے۔ اپنی درخواست میں لڑکے کے والد نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے ان کے فرزند کے ہاتھ سے ہندی کا پرچہ زبردستی چھین لیا جب وہ امتحان دے رہا تھا۔

انہوں نے ہائی کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ کملا پور منڈل پولیس کے ذریعہ کی گئی ایف آئی آر میں ہریش کا نام درج نہیں ہے اس کے باوجود عہدیداروں نے اسے امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی ہے۔

انہوں نے ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ بورڈآف سکنڈری ایجوکیشن(بی ایس ای) حکام کو حکم جاری کرے کہ ہریش کو ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

ان کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے ہریش کو بقیہ امتحانات میں شرکت کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت دی۔