اترپردیش کی تمام یونیورسٹیوں کے طلباء کیلئے امتحانات کی یکساں فیس مقرر
تمام انڈر گریجویٹس طلباء جو کہ بی اے، بی ایس سی، بی کام، بی بی اے، بی سی اے، بی ایف اے، بی ایڈ، بی پی ای ڈی، بی جے ایم سی اور بی وی او سی کورسس کی تکمیل کررہے ہیں، انہیں ہر سمسٹر امتحانات کے لیے 800 روپئے فیس ادا کرنا ہوگا۔
لکھنؤ: حکومت ِ اترپردیش نے مختلف یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم تمام انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے یکساں امتحانی فیس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی 2020ء کو روبہ عمل لایا جارہا ہے۔
تمام انڈر گریجویٹس طلباء جو کہ بی اے، بی ایس سی، بی کام، بی بی اے، بی سی اے، بی ایف اے، بی ایڈ، بی پی ای ڈی، بی جے ایم سی اور بی وی او سی کورسس کی تکمیل کررہے ہیں، انہیں ہر سمسٹر امتحانات کے لیے 800 روپئے فیس ادا کرنا ہوگا، جب کہ ایسے طلبہ جو کہ ایل ایل بی، بی ایس سی اگریکلچر (آنرس)، ایل ایل بی (آنرس)، بی ٹیک، بی ایس سی، بایو ٹیک کی تکمیل کررہے ہیں انہیں ہر سمسٹر امتحانات کے لیے ایک ہزار روپئے ادا کرنا ہوگا۔
، جب کہ ایسے طلباء جو کہ بی ڈی ایس، نرسنگ، بیچلر آف آیورویدک میڈیسن اینڈ سرجری کررہے ہیں انہیں ہر سمسٹر امتحان کے لیے ایک ہزار پانچ سو روپئے ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ بیچلر آف یونانی میڈیسن اینڈ سرجری کے طلباء کو بھی مذکورہ فیس ادا کرنی ہوگی۔
اسپیشل سکریٹری اعلیٰ تعلیم منوج کمار نے اس سلسلہ میں ایک گشتی جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے صدر اسپیشل سکریٹری ہیں۔ محکمہئ اعلیٰ تعلیم نے قومی تعلیمی پالیسی کو روبہ عمل لانے کے لیے یہ سفارشات پیش کی ہیں۔ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسس کے تمام امتحانات سال میں دو مرتبہ منعقد ہوں گے۔