معذورین کے ماہانہ آسراپنشن میں اضافہ، چیف منسٹر کا فیصلہ
آسراپنشن اسکیم کے تحت جسمانی معذورین کوحکومت کی جانب سے دی جانی والی مالی امداد بڑھانے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹرکے چندر شیکھرراؤ نے ہفتہ کے روزمعذورین کودیئے جانے والے ماہانہ وظائف کی رقم فی کس 3016 روپے سے بڑھاکر 4016 روپے کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔

حیدرآباد: آسراپنشن اسکیم کے تحت جسمانی معذورین کوحکومت کی جانب سے دی جانی والی مالی امداد بڑھانے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹرکے چندر شیکھرراؤ نے ہفتہ کے روزمعذورین کودیئے جانے والے ماہانہ وظائف کی رقم فی کس 3016 روپے سے بڑھاکر 4016 روپے کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔
کسی ریاستی حکومت کی جانب سے ملک میں مختلف معذورین کودی جانے والی یہ سب سے زیادہ مالی امداد ہے۔ آسراسکیم کے تحت معذورین کے زمرہ کے تمام اہل معذورین کو اضافی وظیفہ دیا جائے گا۔چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے 9جون کومنچریال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے معذورین کودی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کا وعدہ کیاتھا۔
ہفتہ کے روز سکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد چیف منسٹرکے سی آر نے اس سلسلہ میں احکام جاری کئے۔
معذورین زمرہ کے تحت تقریباً 5 لاکھ اہل معذورافراد کو اضافی پنشن سے فائدہ ہوگا۔تلنگانہ کے معذورین کوملک میں سب سے زیادہ مالی امداد فراہم کرنے پر چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ سے اظہارتشکرکرتے ہوئے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤنے ٹوئٹ کیا اور کہاکہ ملک میں پہلے ایسا کبھی نہیں ہواکہ معذورین کے ماہانہ وظیفہ میں 4016 روپے تک اضافہ کیاگیا ہے۔
انہوں نے چیف منسٹرکے سی آر کے اس فیصلہ کو تاریخی قرار دیااور کہاکہ اس سے 5 لاکھ معذورین آسرا پنشنرس کوفائدہ ہوگا۔
ہریش راؤ نے مزید کہاکہ بی آرایس حکومت‘معذورین کی بہبوداوران کی ترقی کے عہد پر بدستور کار بند ہے اور حکومت‘اس تناظر میں ممکنہ مساعی انجام دے رہی ہے۔
ہریش راؤ کے ساتھ وزیر پنچایت راج ودیہی ترقیات ای دیاکر راؤ اور وزیر بہبود قبائل ستیہ وتی راتھوڑنے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ سے ملاقات کی اور معذورین کے ماہانہ وظائف کی رقم میں اضافہ کرنے پران کا شکریہ ادا کیا۔