وائرل ویڈیو: یوپی میں ٹیچر کی وداعی پر طلباء رو پڑے، جذباتی مناظر
منگل کو ان کی الوداعی کی ویڈیوز میں کئی لڑکے اور لڑکیاں انہیں گلے لگاتے اور روتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ کچھ طلباء نے انہیں مضبوطی سے پکڑ لیا اور جانے دینے سے انکار کردیا۔

لکھنؤ: اترپردیش میں چند علاقے ایسے بھی ہیں جہاں اسکولوں میں حاضری کی کمی ہے، مگر ایک اسکول ایسا بھی ہے جہاں ایک ٹیچر کی وداعی کے وقت طالب علموں نے ایک ساتھ رونا شروع کردیا اور اس سے لپٹ کر رونے کے مناظر دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئے ہیں۔
پہاڑی علاقے چندولی کے رائے گڑھ پرائمری اسکول میں چار سال خدمت انجام دینے کے بعد ٹیچر شیویندر سنگھ کا تبادلہ حال ہی میں وہاں سے کسی دوسری جگہ ہوگیا ہے۔
منگل کو ان کی الوداعی کی ویڈیوز میں کئی لڑکے اور لڑکیاں انہیں گلے لگاتے اور روتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ کچھ طلباء نے انہیں مضبوطی سے پکڑ لیا اور جانے دینے سے انکار کردیا۔ شیویندر سنگھ، مسکراتے ہوئے، انہیں یقین دلانے اور تسلی دینے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کی آنکھیں بھی نم ہوجاتی ہیں۔
اس سے قبل ایک تقریب میں اساتذہ اور طلباء نے انہیں تحائف اور تعریفوں سے نوازا تھا۔ "میں جلد ہی آپ سے ملنے آؤں گا،” وہ کچھ طلباء سے کہتے ہوئے سنے گئے۔ انہوں نے طلبا سے کہا: "محنت کرتے رہو۔ تمہیں زندگی میں کچھ اچھا کرنا چاہیے۔”
حکام اور طلباء کے مطابق، شیویندر سنگھ اپنے غیر روایتی طریقوں سے پڑھانے اور طلباء کی دلچسپی کی وجہ سے ان میں بے حد مقبول ہوگئے تھے۔
وہ 2018 میں اسکول میں ایک اسسٹنٹ ٹیچر کے طور پر تعینات ہوئے تھے۔ وہ بچوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے گیمز اور سوشل میڈیا کا استعمال کرتے تھے، زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اسکول کی طرف راغب کرنے میں کامیاب بھی ہوئے جہاں دشوار گزار علاقے کی وجہ سے ہمیشہ کم حاضری دیکھنے میں آتی تھی۔
پڑھانے کے دوران انہیں بچوں میں گھرا ہوا زمین پر بیٹھا دیکھنا ایک عام بات تھی۔
شیویندر سنگھ کا کہنا ہے، ‘‘ہم پہاڑیوں میں کرکٹ کھیلتے تھے۔ میں ان کو دنیا سے روشناس کرانے کے لیے ہر طرح کی کوشش کرتا تھا۔‘‘