حیدرآباد

وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے  ہوا میں فائر کرتے ہوئے فریڈم ریالی کا آغاز کیا

چند افراد کا خیال ہے کہ اگر نشانہ خطا ہوجاتا تو بڑا سانحہ پیدا ہوتا کیونکہ وزیر کے ارد گرد عوام کی بھیڑ موجود تھی۔ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوئی فائر میں استعمال کئے گئے کارتوس اصلی تھے یا نقلی؟۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ایک وزیر نے ہفتہ کے روز ہوائی فائر کرتے ہوئے فریڈم ریالی کا آغاز کیا۔ ملک کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر جاری تقاریب کے حصہ کے طور پر فریڈم ریالی نکالی گئی تھی۔ ریاستی وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے محبوب نگر ٹاؤن میں پولیس جوان سے اس کی سیلف لوڈنگ رائفل حاصل کی اور اس رائفل سے ہوا میں دو راونڈ فائر کئے۔

 ہوائی فائر کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے ضلع مستقر پر فریڈم ریالی کاآغاز کیا۔ ٹاؤن میں ضلع پریشد گراونڈ سے کلاک ٹاور تک فریڈم ریالی نکالی گئی۔ ریالی میں شرکت کیلئے افراد اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے اپنے قریب میں موجود کانسٹبل سے اس کا آتشی اسلحہ حاصل کیا اور اس سے ہوا میں دو راونڈ فائر کئے۔

https://twitter.com/KP_Aashish/status/1558389393139724288

ہوا میں فائر سے متعلق وزیر آبکاری کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔ چند انٹرنیٹ صارفین نے وزیر کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر سرینواس گوڑ نے تین دنوں میں دوسری بار اس طرح کا عمل کیا ہے۔

 ان کے اس اقدام سے ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ چند افراد کا خیال ہے کہ اگر نشانہ خطا ہوجاتا تو بڑا سانحہ پیدا ہوتا کیونکہ وزیر کے ارد گرد عوام کی بھیڑ موجود تھی۔ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوئی فائر میں استعمال کئے گئے کارتوس اصلی تھے یا نقلی؟۔