امریکہ و کینیڈا

کینیڈا میں ٹرک ڈرائیورس کی طلب میں اضافہ

کینیڈا میں ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیوروں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے وہاں جانے کے خواہشمند غیرملکیوں کو نوکری کی پیشکش کے ساتھ دیگر مراعات بھی مہیا کی جائیں گی۔

اوٹاوا: کینیڈا میں ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیوروں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے وہاں جانے کے خواہشمند غیرملکیوں کو نوکری کی پیشکش کے ساتھ دیگر مراعات بھی مہیا کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق شمالی امریکہ کے بڑے ملک کینیڈا کو وبائی امراض اور عمر رسیدہ افرادی قوت کی وجہ سے ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیور کی حیثیت سے کینیڈا جاکر ملازمت کرنے کا خواہشمند ہے تو اس حوالے سے درکار تمام معلومات یہاں موجود ہیں۔

رواں ہفتہ کینیڈا کی وزارت داخلہ نے امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ سے متعلق این او سی جاری کیا ہے جس میں ایکسپریس انٹری کے لیے اہل اور درکار پیشوں کی فہرست میں 16 نئے پیشوں کا اضافہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فہرست میں مزدوروں کی کٹیگری میں نمایاں کمی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ ٹرک ڈرائیوروں کو خصوصی طور پر اولین ترجیح میں رکھا گیا ہے۔

ٹرک ڈرائیونگ کینیڈا کی سپلائی چین کا ایک اہم جزو ہے لیکن افرادی قوت میں کمی کے باعث ملکی معیشت پر اس کا بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ کینیڈا کی لیبر مارکیٹ کے ادارہ کے مطابق گزشتہ سال ٹرک ڈرائیونگ کے شعبہ میں 18 ہزار خالی آسامیاں تھیں۔

کینیڈا میں ٹرک ڈرائیورس کی کمی کی بڑی وجہ کورونا وبا کے ایام میں ملازمین کی برطرفی اور بڑی تعداد میں ان کی ریٹائرمنٹ ہے۔ عالمی وبا کے آغاز پر فاریسٹ پروڈکٹس اسوسی ایشن آف کینیڈا کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے صنعت کو تقریباً 450 ملین ڈالر کی پیداواری صلاحیت کا نقصان ہو رہا ہے۔