سوشیل میڈیاشمالی بھارت

اسکول کی مین گیٹ گر پڑی، 8 سالہ طالبہ فوت

واقعہ کے بعد رام پور موضع کے پرائمری اسکول کے صدر ٹیچر کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا۔

داہود(گجرات): گجرات کے داہود میں اسکول کی مین گیٹ گرنے کی وجہ سے ایک 8 سالہ طالبہ فوت ہوگئی، پولیس نے پیر کے دن یہ بات کہی۔ واقعہ کے بعد رام پور موضع کے پرائمری اسکول کے صدر ٹیچر کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا۔

داہود ڈسٹرکٹ پرائمری ایجوکیشن آفیسر (ڈی پی ای او) میور پاریکھ کے بموجب 20 دسمبر کو رام پورہ موضع کے پرائمری اسکول کی اسمیتا موہنیا نامی طالبہ اسکول کمپاونڈ کے قریب انتظار کررہی تھی کہ مین گیٹ اس پر گرپڑی۔

طالبہ کے سر پر شدید چوٹیں لگیں اور اسے فوری داہود گورنمنٹ ہاسپٹل لیجایا گیا۔ لڑکی کی نازک حالت کے پیش نظر اسے احمد آباد گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اتوار کے دن وہ اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔

ایجوکیشن آفیسر نے دیگر افسران کے ساتھ 21 دسمبر کو رام پورہ موضع کے پرائمری اسکول کا دورہ کیا اور صدر ٹیچر ساویتری بین راتھوڑکو معطل کردیا۔

واقعہ کے بارے میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کیونکہ ہر تعلمیی سال کے آغازپر اسکول کی عمارت، برقی سربراہی اور دیگر سہولیات کے بارے میں رپورٹ ڈی پی ای او کے دفتر میں داخل کی جاتی ہے۔

اسکول کی مین گیٹ کی حالت کے بارے میں کوئی شکایت نہیں تھی۔ دو تعلقہ پرائمری ایجوکیشن آفیسرس (ڈی پی ای او) واقعہ کے بارے میں تحقیقات کریں گے۔

پاریکھ نے اس واقع کے بعد ضلع کے تمام ڈی پی ای او کو حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے سرکاری اسکولوں اور ان کے انفراسٹرکچر کا تازہ معائنہ کرکے رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔