بہادرپورہ میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلیس درج
ماہ اپریل شروع ہوئے صرف 2 دن ہوئے ہیں مگر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے مختلف مقامات پر آج درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حیدرآباد: ماہ اپریل شروع ہوئے صرف 2 دن ہوئے ہیں مگر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے مختلف مقامات پر آج درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے موسمی اسٹیشن نے اتوار کے روز شہر حیدرآباد میں بہادرپورہ علاقہ کو جاریہ موسم کا گرم مقام قراردیا۔ جہاں اعظم ترین درجہ حرارت 42.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
تلنگانہ کے کئی اضلاع میں پارہ(گرمی) 43 ڈگری سیلسیس کو چھولیا ہے۔ ضلع جوگولامبا گدوال کے عالم پور میں اعظم ترین درجہ حرارت 43.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جبکہ ضلع نلگنڈہ کے کئی مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت 41 اور 42 ڈگری سیلیس ریکارڈ کیا گیا۔
جی ایچ ایم سی کے کئی مقامات پر دن کا درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس سے کسی قدر زائد درج کیا گیا۔ شہر کے خیریت آباد، سعید آباد اور راجندر نگر میں اعظم ترین درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ اپل اور بورا بنڈہ علاقہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 37.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ریاست کے دیگر اضلاع ونپرتی، نلگنڈہ، ناگرکرنول اور گدوال میں دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ آنے والے دنوں میں تلنگانہ کے عوام کو گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔
شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات کے لوگوں کو خشک اور گرم موسمی حالات سے آنے والے دنوں میں راحت ملنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز 7 اپریل تک حیدرآباد کے بشمول ریاست بھر میں گرج وچمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے زرد الرٹ جاری کیا ہے۔