تلنگانہ عازمین حج کی 7جون سے روانگی
صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ ریاستی عازمین حج کی 7جون سے وستارا ایرلائنز فلائٹس کے ذریعہ مکہ مکرمہ روانگی عمل میں آئے گی۔
حیدرآباد: صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ ریاستی عازمین حج کی 7جون سے وستارا ایرلائنز فلائٹس کے ذریعہ مکہ مکرمہ روانگی عمل میں آئے گی۔
اس سال تلنگانہ کے 6ہزار عازمین کے علاوہ بیدر کرناٹک اور آندھرا کے عازمین حج بھی حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جدہ روانہ ہوں گے۔ ریاستی عازمین کے 5ہزار پاسپورٹس ویزا انڈارسمنٹ کیلئے آج مرکزی حج کمیٹی ممبئی روانہ کئے گئے۔
محمد سلیم جن کی صدارت میں آج دفتر حج کمیٹی میں حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان، ایگزیکٹیو آفیسر شفیع اللہ کے بشمول تمام اراکین حج کمیٹی نے شرکت کی۔
محمد سلیم نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ حج کیمپ کے انعقاد کیلئے وسیع تر پیمانہ پر انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ 11مئی کو حج کیمپ کیلئے سپلائنگ کمپنی، شامیانوں کی تنصیب، عازمین حج کے قیام طعام، ایرپورٹ روانگی کے بعد ٹرانسپورٹ کے انتظامات کیلئے مختلف اداروں سے ٹنڈرس کو قطعیت دی جائے گی۔
ٹنڈرس الاٹمنٹ کیلئے معیاری خدمات اور مناسب نرخنامہ پیش کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کی کامیابی کیلئے مختلف محکمہ جات بلدیہ، پولیس، کسٹمز، امیگریشن، ایرپورٹ اتھاریٹی ایرلائنس، ہیلتھ و دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
اس سلسلہ میں 23مئی کو حج ہاوز میں تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں حج کیمپ کے انتظامات اور عازمین کی روانگی کے اوقات کو قطعیت دی جائے گی۔ چیرمین حج کمیٹی نے بتایا کہ ہم تمام لوگ بشمول ریاستی وزرا ء کے ٹی رامار اؤ، محمود علی، کوپلا ایشور، ہریش راؤ، اجتماعی طور پر ایک ٹیم کی طرح کام کرتے ہوئے حج کیمپ کو کامیاب بنائیں گے۔ گذشتہ سال حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہوا تھا۔ اس جذبہ کے تحت اس سال بھی حج کیمپ کو کامیاب بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں محمد سلیم نے بتایا کہ حج کیمپ کے انعقاد کیلئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حج ہاوز میں عازمین کے قیام کیلئے ایر کنڈیشنڈ انتظامات کئے جائیں گے۔ عازمین کے علاوہ حج کمیٹی اسٹاف اور حج کیمپ میں خدمت کرنے والے اسٹاف اور والینٹرس کیلئے مفت طعام کا انتظام رہے گا۔
عازمین کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں سے فی کس50روپے وصول کئے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو روانگی کے موقع پر سعودی ریال ساتھ لیجانے کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔
ضرورتمند 10 تا 15 ہزار ریال بھی ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب حج ہاوز میں عازمین کیلئے ویکسینیشن کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ عازمین کے پہلے قافلہ کو وداع کرنے چیف منسٹر کے سی آر کو مدعو کیا جائے گا۔