دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں: ہریش راؤ
ہریش راؤ نے محکمہ صحت کے ذمہ داروں کو علاج معالجہ کیلئے دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آنے اور سرکاری دواخانوں میں دستیاب طبی سہولتوں سے انہیں واقف کرانے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے محکمہ صحت کے ذمہ داروں کو علاج معالجہ کیلئے دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آنے اور سرکاری دواخانوں میں دستیاب طبی سہولتوں سے انہیں واقف کرانے کی ہدایت دی۔
آج سدی پیٹ میں سرواجنا سرکاری ہاسپٹل میں ای سی آئی ایل کے تعاون سے70لاکھ روپے مالیتی لیپرواسکو پی ویکیوم مشین کا افتتاح عمل میں لانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی کے تحت ای سی آئی ایل کی جانب سے لیپرواسکوپی ویکیوم کی فراہمی کیلئے شکریہ ادا کیا۔
ہریش راؤ نے کہا کہ ضلع میں 99.9 فیصد زجگیاں دواخانوں میں ہورہی ہیں جن میں 66فیصد سرکاری دواخانوں میں ہورہی ہیں۔ صرف 33.9 فیصد ہی خانگی دواخانوں میں ہورہی ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ خانگی دواخانوں میں زیادہ زجگیاں آپریشن کے ذریعہ ہونے کے متعلق شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ان واقعات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے حاملہ خواتین کو جسمانی کسرت کرانے کے لئے ایک نرس مقرر کرنے یا پھر ہر وارڈ میں کسرت کے متعلق معلومات بتانے کیلئے ٹی وی اسکرین لگانے کا مشورہ دیا۔ دواخانہ میں صاف صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔