تلنگانہ
ٹرینڈنگ

سانپ کو منہ میں پکڑ کر ویڈیو بنانے کی کوشش، نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا (خوفناک ویڈیو)

سانپ پکڑنے کے بعد شیو نے مزید حیرت انگیز تصویریں کھینچنے کیلئے کوبرا کا سر اپنے منہ میں ڈال دیا۔ لیکن اس دوران سانپ نے اسے ڈس لیا، اور شیو کو فوراً احساس نہیں ہوا کہ وہ زہریلے سانپ کے کاٹنے کا شکار ہو چکا ہے۔

حیدرآباد: ایک خوفناک واقعہ میں کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ کے دیسائی پیٹ گاؤں میں سانپ پکڑنے والے نوجوان بھگوان شیو کی جان کوبرا کے ساتھ ایک خطرناک ویڈیو بنانے کی کوشش میں چلی گئی۔ نوجوان نے تقریباً 6 فٹ لمبے زہریلے کوبرا کو پکڑ کر ویڈیو لینے کے لیے سانپ کا سر اپنے منہ میں ڈال دیا، جس کے دوران کوبرا نے اسے کاٹ لیا۔

یہ واقعہ گاؤں کے ڈبل بیڈروم کمپلیکس میں پیش آیا، جب مقامی لوگوں نے وہاں کوبرا(سانپ) دیکھا اور شیو کو بلایا۔ شیو نے سانپ کو قابو میں کر کے گاؤں والوں کے سامنے اپنے کرتب دکھانے شروع کر دیے۔ اس کے بعد اس نے مزید حیرت انگیز تصاویر اور ویڈیوز بنانے کیلئے کوبرا کا سر اپنے منہ میں ڈال دیا۔ لیکن اس دوران سانپ نے اسے ڈس لیا، اور شیو کو فوراً احساس نہیں ہوا کہ وہ زہریلے سانپ کے کاٹنے کا شکار ہو چکا ہے۔

جب شیو بے ہوش ہو کر اپنے گھر میں پایا گیا تو اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن بدقسمتی سے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جس سے لوگوں میں خوف اور غم کی لہر دوڑگئی۔

یہ واقعہ ایک سبق ہے کہ خطرناک سانپوں سے کھیلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اور مہم جوئی میں ایسی حرکات سے گریز کرنا چاہیے جو زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔