حیدرآباد

دہلی شراب پالیسی اسکام: ایف آئی آر میں میرا نام نہیں:کویتا

کے کویتا نے مرکزی ایجنسی سے کہاکہ وہ 11,12 دسمبر یا14 اور15 دسمبر کو حیدرآبادمیں اپنے مکان میں ملاقات کے لئے دستیاب رہیں گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی دختر کے کویتانے پیر کے روز سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہاکہ پہلے سے طئے شدہ شیڈول کے سبب وہ 6دسمبر کو سی بی آئی حکام سے ملاقات کرنے سے قاصر ہیں۔

کے کویتا نے مرکزی ایجنسی سے کہاکہ وہ 11,12 دسمبر یا14 اور15 دسمبر کو حیدرآبادمیں اپنے مکان میں ملاقات کے لئے دستیاب رہیں گی۔

تلنگانہ راشٹراسمیتی (ٹی آرایس) کی رکن قانون سازکونسل نے تحریر کیا کہ دہلی شراب پالیسی اسکام میں درج شکایت اورایف آئی آر کا وہ بغورجائزہ لے چکی ہیں مگر میں نے کہیں بھی میرے (کے کویتا) نام کونہیں پایا۔

اس کیس میں وضاحت طلبی سے متعلق 2دسمبرکوسی بی آئی کی جانب سے نوٹس ملنے کے ایک دن بعد کویتانے ایجنسی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سی بی آئی سے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے درج کردہ شکایت اورایف آئی آر کی نقولات فراہم کرنے کی خواہش کی تھی۔

اپنے جواب میں سی بی آئی نے انہیں مطلع کیا کہ شکایت اور ایف آئی آر کی نقل‘ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ کے کویتانے کہاکہ سی بی آئی کے اس جواب کے بعدمیں نے ایف آئی آر کامواد اور ملزمین کی فہرست کا بغورجائزہ لیا۔22 جولائی 2022 کی شکایت کا بھی جائزہ لیا تاہم کہیں بھی میرا (کویتا) نام نہیں پایاگیا۔

انہوں نے سی بی آئی عہدیدارکے نام مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس حقیقت سے واقف کرایااور کہاپہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق انہوں نے6دسمبر کوسی بی آئی کے عہدیداروں کوملاقات کے لئے وقت دیا تھا تاہم اب وہ ملاقات کے لئے دستیاب نہیں رہیں گی۔

اس کے بجائے اس ماہ کی 12,11‘14یا15تاریخ کوحیدرآباد میں اپنی قیام گاہ پر ملاقات کے لئے دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے سی بی آئی سے مذکورہ تواریخ میں سے کسی ایک تاریخ کوجلدازجلد قطعیت دینے کی خواہش کی۔ کویتا نے مزید تحریر کیا کہ وہ قوانین کا احترام کرتی ہیں اورتحقیقات میں ممکنہ تعاون کریں گی۔