شمالی بھارت

دیوبند میں ماحول خراب کرنے کی کوشش، 4گرفتار

سہارنپور دیہات علاقے کے ایس پی سورج کمار رائے نے بتایا کہ دیوبند میں مذہبی مقامات پر انڈے پھینک کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند میں مذہبی مقامات پر انڈے پھینک کر ماحول کوبگاڑنے کی کوشش کرنے کے الزام میں پولیس نے ہفتہ کو چار افراد کی گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔

سہارنپور دیہات علاقے کے ایس پی سورج کمار رائے نے بتایا کہ دیوبند میں مذہبی مقامات پر انڈے پھینک کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ رائے نے بتایا کہ دیوبند میں 21اگست کی رات جنم اشٹمی کے جلوس پر بھی ان ملزمین نے فلائی اوور سے انڈے پھینک کر ماحول خراب کرنے کی کوشش تھی۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار نوجوانوں میں دیوبند شہر کے محلہ سرائے کہران کے ساکن احمد ولد اسجد، خانقاہ باشندہ شعبان ولد سفیان، سرساوا باشندہ صادق ولد ساجد و مصطفی آباد گوکل پوری دہلی باشندہ افضل ولد دلشاد شامل ہیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں ملزمین نے پولیس کو پوچھ گچھ میں بتایا کہ وہ لوگ غلیل سے لوگوں کے گھروں اور مذہبی مقامات پرانڈے پھینکتے تھے۔ جس سے لوگ مشتعل ہوجائیں اور آپس میں لڑیں۔