شمالی بھارت

راجستھان سیاسی بحران‘ اشوک گہلوت نئی دہلی پہنچ گئے

راجستھان میں جاری سیاسی بحران کے بیچ چیف منسٹر اشوک گہلوت جمعہ کے دن دہلی پہنچ گئے۔ سینئر پارٹی قائدین سے ملاقات کے بعد رات میں دہلی میں آرام کے بعد وہ 5 نومبر کی صبح گجرات روانہ ہوجائیں گے۔

جئے پور: راجستھان میں جاری سیاسی بحران کے بیچ چیف منسٹر اشوک گہلوت جمعہ کے دن دہلی پہنچ گئے۔ سینئر پارٹی قائدین سے ملاقات کے بعد رات میں دہلی میں آرام کے بعد وہ 5 نومبر کی صبح گجرات روانہ ہوجائیں گے۔

وہ 7 نومبر تک مغربی ریاست کا دورہ کریں گے۔ 10 انتخابی جلسوں سے خطاب کے علاوہ راجکوٹ میں ان کی پریس کانفرنس بھی ہوگی۔ وہ سردار پٹیل کے مقام ِ پیدائش بھی جائیں گے۔

ان کے ساتھ رگھوشرما موجود ہوں گے جو گجرات میں کانگریس کے الیکشن انچارج ہیں۔ اشوک گہلوت عوام سے اپیل کریں گے کہ وہ اسمبلی الیکشن میں کانگریس امیدواروں کو ووٹ دیں۔

اسی دوران راجستھان میں سیاسی غیریقینی برقرار ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے چہارشنبہ کے دن کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اشوک گہلوت کے 3 حامیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے۔

2 وزرا اور آر ٹی ڈی سی صدر نے 25 ستمبر کو اس وقت متوازی میٹنگ طلب کی تھی جبکہ کانگریس ہائی کمان پہلے ہی سے اپنا اجلاس طلب کرچکی تھی۔

سچن پائلٹ نے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے اشوک گہلو ت کی ستائش کو دلچسپ پیشرفت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اسی طرح غلام نبی آزاد کی تعریف کی تھی۔ اس کے بعد کیا ہوا ہم سب کو پتہ ہے۔ غلام نبی آزاد نے کانگریس سے اپنی 50 سالہ وابستگی ختم کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں نئی پارٹی بنالی۔