مہاراشٹرا

سپریہ سولے کو شردپوار۔اجیت پوار بات چیت کی جانکاری نہیں

این سی پی قائد سپریہ سولے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ پونے کے ایک تاجر کے بنگلہ میں گزشتہ ہفتہ شردپوار اور اجیت پوار کی ملاقات میں کیا طئے پایا انہیں اس کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔

پونے: این سی پی قائد سپریہ سولے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ پونے کے ایک تاجر کے بنگلہ میں گزشتہ ہفتہ شردپوار اور اجیت پوار کی ملاقات میں کیا طئے پایا انہیں اس کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔

این سی پی بانی شردپوار اور بھتیجہ و ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی یہ ملاقات 12 اگست کو کورے گاؤں پارک میں تاجر اتل چورڈیہ کے بنگلہ میں ہوئی تھی۔

سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔ لوک سبھا میں حلقہ بارہ متی کی نمائندگی کرنے والی سپریہ سولے نے کہا کہ میں اس میٹنگ میں موجود نہیں تھی اور مجھے نہیں پتہ کہ میٹنگ میں کیا ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دادا(بھائی اجیت پوار) کے پیدا ہونے سے پہلے سے پوار اور چورڈیہ فیملیز کے اچھے مراسم رہے ہیں کیونکہ اتل چورڈیہ کے باپ اور پوار صاحب ایک ہی کالج میں پڑھتے تھے لہٰذادونوں فیملیز کی ملاقات پر تعجب کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

صدر مہاراشٹرا پردیش کانگریس ناناپٹولے نے منگل کے دن کہا کہ سینئر اور جونیر پوار کی ”خفیہ“ ملاقات ان کی پارٹی کے لئے تشویش کا معاملہ ہے۔ اجیت پوار کے موقف پر سپریہ سولے نے کہا کہ اختلاف ِ رائے ہوتا ہے اور اسے صحت جمہوریت کی علامت کے طورپر دیکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آنجہانی کامریڈ ڈاکٹر این ڈی پاٹل کی بیوہ سروج پاٹل‘ شردپوار کی بہن ہیں لیکن شردپوار اور این ڈی پاٹل کئی مواقع پر ایک دوسرے کے خلاف دکھائی دیئے تھے۔ دادا اجیت پوار اگر یہ سوچتے ہیں کہ ان کا سیاسی موقف درست ہے تو اسے جمہوری ڈھانچہ میں قبول کرلینا چاہئے۔

دادا سے ہمارا موقف مختلف ہوسکتا ہے اور میں اسے جمہوریت میں غلط نہیں سمجھتی۔ اس خبر کے بارے میں پوچھنے پر کہ انہیں بی جے پی سے ایک ”آفر“ ملی ہے‘ سپریہ سولے نے کہا کہ مجھے کہیں سے بھی کوئی آفر نہیں ملی۔

a3w
a3w