ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ تلنگانہ جی سرینواس راؤ کے سیاسی عزائم، بی آر ایس میں شمولیت کا ارادہ
حکمران جماعت میں شمولیت کیلئے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے منظوری کے بعد وہ اس عہدہ سے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی حاصل کرلیں گے اور بی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر جی سرینواس راؤ جلد ہی سیاست میں داخل ہوجائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ وہ بی آرایس کے ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کریں گے۔
حکمران جماعت میں شمولیت کیلئے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے منظوری کے بعد وہ اس عہدہ سے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی حاصل کرلیں گے اور بی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔
سرینواس راؤ بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع سے اسمبلی کے لئے مقابلہ کے خواہشمند ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ہر ہفتہ اور اتوار مکمل طورپر بھدرادری کوتہ گوڑم میں گذارتے ہیں۔
انہوں نے گذشتہ روز ریلی میں بھی حصہ لیا۔سرینواس راو، ریاست میں کوویڈ معاملات پر نظررکھے ہوئے ہیں اور وہ وقتا فوقتا ریاست میں کوویڈ کی صورتحال سے میڈیا کو واقف کرواتے ہیں۔
عثمانیہ میڈیکل کالج کے سابق طالب علم سرینواس راؤ گذشتہ ایک سال سے گڑیلا سرینواس راو ٹرسٹ کی جانب سے ضلع میں صحت، تعلیم کے شعبوں میں مختلف پروگرام منعقد کرتے آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں نومبر2021میں سدی پیٹ کے کلکٹر پی وینکٹ رامی ریڈی نے اپنا عہدہ چھوڑکربی آرایس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اس سے چارماہ پہلے سینئر آئی پی ایس آرایس پراوین کمار نے اپنا عہدہ چھوڑدیا تھا اور بی ایس پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بی ایس پی کی قومی صدر مایاوتی نے ان کو تلنگانہ بی ایس پی کا سربراہ بنایا تھا۔
حال ہی میں سابق آئی اے ایس آفیسر ٹی چندرشیکھرنے پون کلیان کی جناسیناپارٹی کو چھوڑکر بی آرایس میں شمولیت اختیارکی تھی اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ان کو اے پی بی آرایس کا صدرمقرر کیا تھا۔