دہلی

فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کے لئے تھرور کا مطالبہ

سینئر کانگریس قائد ششی تھرور نے پارٹی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسدن مستری کو لکھا ہے کہ اے آئی سی سی کے الیکشن کے لئے فہرست رائے دہندگان شائع کی جائیں۔

نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد تھرور نے پارٹی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسدن مستری کو لکھا ہے کہ اے آئی سی سی کے الیکشن کے لئے فہرست رائے دہندگان شائع کی جائیں۔ ذرائع نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔

کہا جاتا ہے کہ آسام کے رکن پارلیمنٹ پردیوت بورڈولوئی نے بھی اس سلسلہ میں لکھا ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ ششی تھرور‘ پارٹی صدر کا الیکشن لڑنے پر غور کررہے ہیں۔

نامزدگی کے عمل میں نام تجویز کرنے والے 10 افراد کی ضرورت ہوتی ہے جو پردیش کانگریس کمیٹی کے مندوبین ہوں۔

ذرائع کے بموجب ششی تھرور نے کہا کہ یہ جاننا اہم ہے کہ یہ مندوبین کون ہیں کیونکہ ان کے نام فائنل لسٹ میں نہ ہوں تو کاغذات مسترد ہوسکتے ہیں۔ چہارشنبہ کے دن منیش تیواری‘ کارتی چدمبرم اور ششی تھرور نے مطالبہ کیا تھا کہ فہرست رائے دہندگان منظرعام پر لائی جائیں تاکہ کھلاپن یقینی ہو۔