تلنگانہ

بہتر صحت، طلبہ کی ترقی کی کلید: تمیلی سائی سوندرا راجن

تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہاکہ طلباء کی تمام شعبوں میں ترقی کے لئے صحت اہم ہے اس لئے نوجوانوں کو ہمیشہ خوش رہنے کے لئے روایتی طرز زندگی اپنانا چاہیے۔

ورنگل: کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے 22ویں کانوکیشن کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا۔ریاستی گورنر و چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی ڈاکٹر تمیلی سائی سندر راجن نے کانوکیشن کی صدارت کی۔ آڈیٹوریم میں منعقدہ کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ صحت کے معاملہ میں سب کو چوکنا رہنا چاہیے آج کے نوجوان بدلتے حالات سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو خوراک کے معاملہ میں احتیاط برتنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ طلباء کی تمام شعبوں میں ترقی کے لئے صحت اہم ہے اس لئے نوجوانوں کو ہمیشہ خوش رہنے کے لئے روایتی طرز زندگی اپنانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں تیار کی گئی کووڈ۔19 کی ویکسن کی دنیا بھر میں مانگ ہے اور ہندوستانی سائنسدانوں کے پاس ویکسن تیار کرنے کا بہترین علم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان کو آگے بڑھنے کے لئے سائنس اور ٹکنالوجی کا بہتر استعمال کرنا چاہیے اور نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کاکتیہ سلطنت میں خواتین کا کردار نمایاں تھا۔انہوں نے کہاکہ طلباء آج ڈگریاں حاصل کررہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے پیچھے ان افراد خاندان کا اہم رول ہے وہ سخت محنت کرتے ہوئے آپ کو تعلیم دلوارہے ہیں۔

ان کے محنتوں کا ضائع نہ کرتے ہوئے سخت محنت کے ذریعہ ترقی و کامیابی حاصل کرنے کے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ طلباء اپنے کلاس روم میں بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ اس کے لئے مرکزی حکومت کی نئی تعلیم پالیسی، طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلروں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں انہوں نے درس وتدریس اور تحقیق کے شعبہ کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے اور اس سلسلہ میں وہ مناسب اقدامات کریں گی۔

اس موقع پر مہمانان خصوصی پروفیسر سندیپ ورما سکریٹری سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بورڈ،ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی گورنمنٹ آف انڈیا نئی دہلی نے کہاکہ ہندوستان کی تہذیب دنیا کی تمام تہذیبوں میں سے قدیم ہے اور ہندوستانی سائنس نے پوری دنیا میں مہذب زندگی میں اہم رول ادا کیا ہے خاص طور پر ٹیکسیلا اور نالندہ نے تعلیم کے عظیم مراکز کے طور پر اپنی شناخت بنائی تھی۔

اس موقع پر وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی ٹی رمیش نے رپورٹ پیش کی۔بعد ازاں گورنر کے ہاتھوں آرٹس،سوشل سائنس،کامرس،فارمیسی،سائنس اور شعبہ انجینئرنگ کے 52 طلبہ کوپی ایچ ڈی اسناد اور طلبہ میں 192گولڈ میڈلس تقسیم کئے گئے۔ا س موقع پر ڈاکٹر چندرا مولی،راجی ریڈی،ڈاکٹر ناگیندرا بابو،ڈاکٹر مدن کمار،وینکٹ رام ریڈی،ملاریڈی کے علاوہ دیگر پروفیسرس اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔