کرناٹک

ملک کی ترقی کیلئے اختراعی سوچ اور موثر حکمرانی ضروری، ناگپور میں بی آر ایس دفتر کا افتتاح

صدر بھارت راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں بی آر ایس کے دفتر کا افتتا ح انجام دیا۔ قبل ازیں کے سی آر نے پارٹی کا گلابی پرچم لہرایا۔ بعدازاں دفتر بی آر ایس میں منعقدہ خصوصی پوجا میں شرکت کی۔

حیدرآباد: صدر بھارت راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں بی آر ایس کے دفتر کا افتتا ح انجام دیا۔ قبل ازیں کے سی آر نے پارٹی کا گلابی پرچم لہرایا۔ بعدازاں دفتر بی آر ایس میں منعقدہ خصوصی پوجا میں شرکت کی۔

اس موقع پر پنڈتوں نے کے سی آر کو آشیرواد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کے سی آر نے پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد ضلع ناگپور کے صدر بی آر ایس گیانیش واکوڈکر کو کرسی صدارت پر بٹھایا۔

پارٹی دفتر کے افتتاحی تقریب میں کے کیشوراؤ جئے سنتوش کمار، بی بی پاٹل، بلکا سمن، ڈی ناگیندر، صدر بی آر ایس آندھرا پردیش ٹی چندر شیکھر کے علاوہ عوامی نمائندے اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے بی آ رایس قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کے سی آر کی ناگپور آمد کے موقع پرسنتروں کیلئے مشہور شہر کو گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا تھا۔

ہر طرف کے سی آر کے قد آور ہورڈنگس لگائے گئے تھے۔ جگہ جگہ اب کی بار کسان سرکار کے نعرے بلند کئے گئے۔ دوسری طرف پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے بی آر ایس میں سیاسی قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ شب بھی کئی قائدین پرگتی بھون پہنچ کر کے سی آر کی موجودگی میں بی آ رایس میں شمولیت اختیار کرلی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی جماعتیں روایتی سیاست کرتی رہیں گی ملک کی ترقی میں رکاوٹیں حائل ہوتی رہیں گی۔ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی سمت گامزن کرنے کیلئے اختراعی سوچ اور موثر حکمرانی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو مکمل طور پر تبدیل کرتے ہوئے سماج کے مختلف طبقات کو درپیش مشکلات خاص کر کسانوں، دلتوں اور بہبوجن و آدی واسیوں کو مسائل سے نجات دلانے کی اشد ضرورت ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صرف اختراعی سوچ اور موثر حکمرانی کافی ہے۔ انہوں نے ملک کے تمام ریاستوں میں تلنگانہ طرز کے ماڈل پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

a3w
a3w