حیدرآباد

منگوڈ سے ٹی آر ایس کی کامیابی کے امکانات موہوم: راجگوپال ریڈی

راجگوپال ریڈی نے کہاکہ منگوڈ میں ٹی آر ایس کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکی جائے گی۔ انہوں نے واضح کہا کہ وہ عہدوں کے پیچھے بھاگنے والے نہیں ہیں۔ ان کی سیاست میں موجودگی عوام کی خدمت کیلئے ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی قائد و سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہاکہ منگوڈ اسمبلی حلقہ کے ضمنی الیکشن میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے امکانات موہوم ہیں۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ منگوڈ سے کے سی آر کے زوال کا آغاز ہوگا۔ بی جے پی کو زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی، ٹی آر ایس کی متبادل کے طور پر ابھرے گی اور ٹی آر ایس کے وجود پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔ کے سی آر کو آمرحکمران قرار دیتے ہوئے راجگوپال ریڈی نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ گذشتہ8 سالوں سے عوام کے حق میں اٹھائی جارہی آواز کو دباتے رہے ہیں۔

وہ ریاست کو اپوزیشن سے پاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مگر ان کی یہ کوشش خود ان کے اور ان کی پارٹی کیلئے مہنگی ثابت ہورہی ہے۔ بی جے پی  قائد نے کہا کہ ریاست سے کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کے خاتمہ کیلئے سرزمین منگوڈ سے دوسری جدوجہد شروع ہونے جارہی ہے۔

 منگوڈ میں ٹی آر ایس کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکی جائے گی۔ انہوں نے واضح کہا کہ وہ عہدوں کے پیچھے بھاگنے والے نہیں ہیں۔ ان کی سیاست میں موجودگی عوام کی خدمت کیلئے ہے۔