حیدرآباد

میئر وجئے لکشمی نے ’’ ہر اتوار 10بجے دن 10 منٹ کے پروگرام‘‘ کا آغاز کیا

میئر نے شہریوں سے خواہش کی کہ وہ مچھروں کی روک تھام میں حصہ لیں۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہر اتوار کو گھر کے اندر اور باہر گھر کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ 10 منٹ تک صفائی کی سرگرمیاں انجام دیں۔

حیدرآباد: مئیرحیدرآباد وجئے لکشمی گدوال نے ”ہر اتوار کو دس بجے دن دس منٹ کے پروگرام“کا آغازکیا۔اس پروگرام کے تحت گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے عہدیدار، مقامی افراد کے ساتھ مل کر مکانات اور اطراف میں جمع پانی کی نکاسی کا کام کررہے ہیں کیونکہ اس پانی کے نتیجہ میں مچھروں کی افزائش ہوتی ہے۔یہ پروگرام شہر حیدرآبا دکے مختلف علاقوں میں منعقد کیاگیا۔

میئر نے شہریوں سے خواہش کی کہ وہ مچھروں کی روک تھام میں حصہ لیں۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہر اتوار کو گھر کے اندر اور باہر گھر کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ 10 منٹ تک صفائی کی سرگرمیاں انجام دیں تاکہ ہم مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہیں۔

مئیر نے واضح کیا کہ جی ایچ ایم سی کے تحت تمام 4846 کالونیوں میں مچھروں کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔ میئر نے بتایا کہ بلدیہ کا انٹومولوجی شعبہ تمام علاقوں میں مچھروں کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے، گندے پانی میں خصوصاً اینٹی لاروا کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل کمشنر بی سنتوش نے بتایا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر اتوارکو صبح 10 بجے 10 منٹ کا پروگرام منعقد کیا جائے گا تاکہ لاروا پر قابو پایا جا سکے۔ایڈیشنل کمشنر سنتوش نے بتایا کہ مقامی عوامی نمائندوں، قانون ساز اراکین، قانون ساز کونسل کے اراکین اور کارپوریٹروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا اور یہ کامیاب رہا۔

جی ایچ ایم سی کی جانب سے نشیبی علاقوں اور کچی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے اینٹمولوجی ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ، عملہ اور عہدیدار گھر گھر جا کر موسمی وبائی امراض کے ساتھ ساتھ مچھروں کی روک تھام کے لیے وسیع پیمانے پر ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ گھروں کے اندر اور اردگرد مچھروں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بیداری پیدا کی جارہی ہے۔

10 ہفتوں تک ہر اتوار کو صبح 10 بجے 10 منٹ کے لیے یہ پروگرام منعقد کیاجائے گا۔ اس پروگرام کے دوران گھروں کی صفائی کو یقینی بنایاجائے گا۔ احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے اہم چوراہوں یا پرہجوم علاقوں میں گھر گھر جا کر کتابچے، اسٹیکرز اور بینرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

جی ایچ ایم سی کے تحت جملہ 4846 کالونیوں کا احاطہ کیاجائے گا۔ مختص کالونیوں میں مچھروں سے بچاؤ کے اقدامات کے ساتھ اینٹی لاروا آپریشنس، مچھر کش دھویں کو چھوڑنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گھروں میں موجود پانی کے ٹینکس، ایئر کولرس میں جمع پانی سے مچھروں کی افزائش ہوسکتی ہے جس پر توجہ دی جارہی ہے۔