ملک بھر میں سائبر جرائم میں ملوث 37 افراد گرفتار،117ایف آئی آردرج
اتوار کو پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ گرفتاریاں خصوصی کارروائیوں کے دوران عمل میں لائی گئیں اور انکشاف ہوا کہ ملزمین ملک بھر میں سائبر جرائم کے 86 مقدمات میں ملوث تھے۔ ان کے بینک کھاتوں میں تقریباً 65 کروڑ روپے کے لین دین کا سراغ ملا ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن نے جنوری 2026 کے دوران 117 ایف آئی آر درج کیں اور سات ریاستوں سے 26 مقدمات کے سلسلہ میں 37 افراد کو گرفتار کیا۔
اتوار کو پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ گرفتاریاں خصوصی کارروائیوں کے دوران عمل میں لائی گئیں اور انکشاف ہوا کہ ملزمین ملک بھر میں سائبر جرائم کے 86 مقدمات میں ملوث تھے۔ ان کے بینک کھاتوں میں تقریباً 65 کروڑ روپے کے لین دین کا سراغ ملا ہے۔
مقدمات کی تفصیلات کے مطابق ان میں سرمایہ کاری کا دھوکہ (15) ، ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم (2) ، سوشل میڈیا سے متعلق پوکسو/سی ایس اے ایم معاملات (4) ، ملازمت کا جھانسہ (3) ، کاروباری فراڈ (1) اور گیمنگ فراڈ (1) شامل ہیں۔ کارروائی کے نتیجہ میں متاثرین کو 71,91,371 روپے کامیابی سے واپس دلائے گئے۔
ریاست وار تفصیلات کے مطابق ملزمین کا تعلق تلنگانہ (9) ، آندھرا پردیش (6) ، مہاراشٹرا (1) ، کرناٹک (1) ، مغربی بنگال (1) ، بہار (1) اور دہلی (1) سے ہے۔ تلاشی کے دوران پولیس نے 26 موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، 57 چیک بکس، 79 سم کارڈس، 62 ڈیبٹ کارڈس، 15 شیل اسٹامپس اور آٹھ کیوآرکوڈ اسکینرس ضبط کئے۔
اسی مدت کے دوران زونل سائبر سیل کو این سی آرپی پورٹل کے ذریعہ 1,706 درخواستیں موصول ہوئیں جس کے نتیجہ میں 315 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمات میں یہ اضافہ سی مترا اقدام کی بدولت ممکن ہوا۔
اس سلسلہ میں ملک بھر سے 13 مقدمات میں 13 افراد کو گرفتار کیا گیا اور متاثرین کو 10,65,003 روپے واپس کئے گئے۔ ایک اہم کیس کا ذکر کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد کے ایک شخص کو میٹرومونیل ویب سائٹ اور کرپٹو ٹریڈنگ کے نام پر 11.17 لاکھ روپے کا دھوکہ دیاگیا جس میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔
سائبر کرائم پولیس نے عوام کو محتاط رہنے کی تاکید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دھوکہ باز آن لائن پلیٹ فارمس کے ذریعہ لوگوں کو لوٹنے کے نت نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔