ایشیاء

انڈونیشیا مسافر فیری میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک، 41 لاپتہ

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور بچاؤ کا آپریشن مسلسل جاری ہے

جکارتہ : انڈونیشیا کے مادورا جزیرے کے قریب ایک مسافر فیری میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ 41 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مطیارا سینٹوسا 2 نامی فیری میں 271 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ اتوار کی صبح دورانِ سفر نامعلوم وجوہات کی بنا پر فیری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

رپورٹس کے مطابق امدادی ٹیموں نے 225 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ پانچ افراد ہلاک ہو گئے اور 41 دیگر تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور بچاؤ کا آپریشن مسلسل جاری ہے اور مزید کشتیوں اور امدادی ٹیموں کو بھی کارروائی میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ فیری مشرقی جاوا صوبے کے شہر سورابایا سے جنوبی سولاویسی کے شہر مکاسر جا رہی تھی، تاہم آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

واضح رہے کہ مادورا جزیرہ انڈونیشیا کے جاوا جزیرے کے شمال مشرقی ساحل کے قریب واقع ہے۔