کانگریس کی تلنگانہ میں 6ضمانتیں، عوامی حکمرانی پروگرام پر وزرا کا جائزہ اجلاس
تلنگانہ کے وزرا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی،ٹی ناگیشورراو اور پی سرینواس ریڈی نے کو ریاست میں متعارف کروائی جانے والی چھ ضمانتوں پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزرا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی،ٹی ناگیشورراو اور پی سرینواس ریڈی نے کو ریاست میں متعارف کروائی جانے والی چھ ضمانتوں پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔
ان ضمانتوں پر عمل کیلئے اس ماہ کی 28تاریخ سے آئندہ مہینے کی 6تاریخ تک عوامی حکمرانی پروگرام منعقد کیاجائے گا۔اس پروگرام کے دوران عوام سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
ان وزرا نے کھمم اور بھدرادری کوتہ گوڑم اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ آج کھمم کلکٹریٹ میں چھ ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
اس اجلاس میں تحصیلداراور دیگر محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزراء نے گرام سبھا اور چھ ضمانتوں کے نفاذ کے لیے اقدامات کی ہدایت دی۔ وزراء نے عہدیداروں کو عوامی حکمرانی پروگرام کو نافذ کرنے کے طریقہ کار، گرام سبھا میں درخواستیں قبول کرنے کے طریقہ کار اور دیگر پہلوؤں سے واقف کروایا۔
وزیراعلی ریونت ریڈی اور نائب وزیراعلی ملو بھٹی وکرامارکا اس ماہ کی 27 تاریخ کو حیدرآباد میں گرام سبھا میں لئے جانے والے درخواست فارم کو جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی حکام کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر فارم طبع کریں اور وہی درخواستیں تمام منڈل عہدیداروں کو بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ ضمانتوں کی اہلیت کی درخواست کے ساتھ آدھار اور راشن کارڈ کی تفصیلات بھی شامل کی جانی چاہئیں۔