بہار میں دوران سفر ٹرین کی کھڑکی سے لٹکتا رہا بڑا صندوق، ویڈیو وائرل
لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ بھاری صندوق کسی بجلی کے کھمبے یا دوسرے ڈھانچے سے ٹکرا جاتا تو بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔
پٹنہ: بہار سے سامنے آنے والی دو حیران کن ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جنہوں نے ریلوے انتظامیہ اور مسافروں کی حفاظت پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پہلی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند مسافروں نے ایک دیوہیکل لوہے کا صندوق ریل کے ڈبے کی کھڑکی کے باہر باندھ دیا۔ صندوق ریل کے باہر لٹکا ہوا تھا جبکہ ڈبے کے اندر موجود افراد اسے مضبوطی سے پکڑے ہوئے تھے۔ اسی دوران ٹرین اسٹیشن سے روانہ ہوگئی اور کسی شخص نے اس منظر کو ویڈیو میں قید کرکے "یہ ہے بہار” کے عنوان سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ بھاری صندوق کسی بجلی کے کھمبے یا دوسرے ڈھانچے سے ٹکرا جاتا تو بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔ کئی افراد نے سوال اٹھایا کہ آخر ریلوے گارڈ، ٹی ٹی ای، اسٹیشن ماسٹر اور ریلوے پولیس کی موجودگی میں ایسی خطرناک حرکت کی اجازت کیسے دی گئی؟
تاہم ریلوے حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی سخت ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ریلوے نے صرف اتنا کہا کہ متعلقہ اسٹیشن کا نام، ٹرین نمبر اور دیگر تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔ ساتھ ہی مسافروں کو "ریل مدد” ایپ یا 139 ہیلپ لائن پر شکایت درج کرانے کا مشورہ دیا گیا۔
دوسری جانب بہار کے ہی ایک اور ریلوے اسٹیشن سے ایک اور دلچسپ ویڈیو سامنے آئی۔ اس ویڈیو میں دو خواتین ایک انتہائی بڑے صندوق کو ٹرین میں چڑھانے کی کوشش کرتی نظر آئیں، لیکن ناکام رہیں۔ آخرکار انہوں نے صندوق کو اپنے سر پر اٹھایا اور وہاں سے روانہ ہوگئیں۔ یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین ان ویڈیوز پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ اسے "بہار کی جگاڑ ٹیکنالوجی” قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد ریلوے کے حفاظتی نظام پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی لاپروائی نہ صرف مسافروں بلکہ ریلوے آپریشن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔