برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے بعد تجارت اور نقل مکانی سے متعلق نیا معاہدہ
جمعہ کو برسلز میں برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں فریقوں نے اقتصادی شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ بریگزٹ کے اصل معاہدے کی بعض شرائط میں تبدیلی کرتا ہے۔ اس دستاویز کا مسودہ برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کے دفتر نے جاری کیا۔
ماسکو: برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے بعد تعلقات کے حوالے سے ایک نیا معاہدہ طے پایا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کے دفتر کی جانب سے جمعہ کو جاری مشترکہ بیان کے مطابق، اس معاہدے میں غذائی اشیا کی آزادانہ تجارت، ایک لاکھ نوجوانوں کو ایک دوسرے کے ممالک میں آنے جانے کی آزادی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج سے متعلق تجارتی نظاموں کو باہم مربوط کرنے کی شقیں شامل ہیں۔
جمعہ کو برسلز میں برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں فریقوں نے اقتصادی شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ بریگزٹ کے اصل معاہدے کی بعض شرائط میں تبدیلی کرتا ہے۔ اس دستاویز کا مسودہ برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کے دفتر نے جاری کیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ ”ہم یوتھ ایکسپیرینس اسکیم (وائی ای ایس) کے سلسلے میں مذاکرات کی تکمیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت یورپی یونین اور برطانیہ کے ایک لاکھ نوجوان اپنے اپنے قانونی ضابطوں کے مطابق تین سال تک ایک دوسرے کے ممالک میں رہ سکیں گے۔
اس دوران انہیں ملازمت کرنے، تعلیم حاصل کرنے، ثقافتی تبادلے، رضاکارانہ خدمات انجام دینے اور سیاحت جیسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔” نقل مکانی کا یہ نیا نظام 2028 تک نافذ ہوجائے گا۔
دونوں فریقوں نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے اجازت ناموں کی تجارت کے سلسلے میں بھی ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ غذائی اور زرعی مصنوعات پر پودوں کی صحت سے متعلق جانچ کے عمل کو ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ مزید برآں، آئندہ سال سے برطانیہ یورپی یونین کے ‘ایراسمس’ طلبہ تبادلہ پروگرام میں دوبارہ شامل ہوجائے گا۔
معاہدے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر برنہم نے کہا کہ اس سے برطانوی کسانوں کو یورپی منڈیوں میں اپنی مصنوعات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، جہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران برآمدات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاہدے سے برطانیہ کی معیشت میں 0.5 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
تاہم، برطانوی یونیورسٹیوں میں یورپی طلبہ کی ٹیوشن فیس کم کرنے کے معاملے پر دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔ اس کے علاوہ ‘میڈ اِن یوروپ’ فریم ورک کے تحت برطانیہ کو فی الحال یورپی آٹوموبائل مارکیٹ تک بغیر کسٹم ڈیوٹی رسائی حاصل نہیں ہوگی۔